Live Updates

تحریک انصاف نے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی

وفاقی حکومت بتائے کہ دہشت گردی کب ختم ہو گی۔ہم لاشیں اٹھاکر اب تھک گئے ہیں،خرم شیر زمان کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 اگست 2016 20:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے ۔بدھ کو تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دیگر ارکان کے ہمراہ قرارداد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی ہے ۔قرار داد مین سانحہ کوئٹہ کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوےء خرم شیر زمان نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ایک بزدلانہ کارروائی کارروائی ہے ۔

اگر پولیس کو خود مختار بنایا جاتا تو ایسے واقعات رونما نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بتائے کہ دہشت گردی کب ختم ہو گی۔ہم لاشیں اٹھاکر اب تھک گئے ہیں۔وفاقی حکومت کے نمائندے کہتے ہیں سب کچھ ہوجائے گا لیکن یہ ہوگا کب کسی کو بھی اس کا علم نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ہم درندہ سمجھتے ہیں۔ ایسے واقعات پر تحریک انصاف سیاست نہیں نہیں کرتی۔

محمود خان اچکزئی دہشت گردی کے واقعات پر سیاست کر رہے ہیں۔خرم شیرزمان نے کہا کہ بھارت کی فلموں پر پاکستان میں پابندی لگائی جائے۔ نواز شریف سے سوال ہے کے انہوں نے’’ را‘‘ کی سرگرمیاں روکنے کیلئے کیا کام کیاہے ؟۔ نواز شریف نے مودی سے بات کیوں نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ پتا نہیں کہاں سوگئے ہیں ۔ان کا سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیاہے ۔ ہمارا سوال وفاق سے ہے ۔ امن امان کے قیام کی ذمہ داری وفاق کی ہے ۔کوئٹہ دھماکہ وفاق کی ناکامی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات