سندھ بھر کے وکلاء کا سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں تیسرے روزبھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

وکلا عدالتوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہوئے اور شہید ہونے والے وکلا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کروائی گئی سکیورٹی خدشات کی پیش نظر کراچی کی تمام عدالتوں میں رینجرز کو تعینات کر دیا گیا،رینجرز افسران کا سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ہائی کورٹ کا دورہ

بدھ 10 اگست 2016 20:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں تیسرے روزبدھ کو بھی سندھ بارکونسل کی جانب سے سندھ بھر کی عدالتوں میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ وکلا عدالتوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہوئے اور شہید ہونے والے وکلا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کروائی گئی ہے ۔جبکہ سکیورٹی خدشات کی پیش نظر کراچی کی تمام عدالتوں میں رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

تٖفصیلات کے مطابق سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی پاکستان بار کونسل اور سندھ بار کونسل کی اپیل پر وکلاء نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ جاری رکھا ۔وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل رہنما صلاح الدین گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ قومی سانحہ ہے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ واقعہ ہماری ایجنسیوں کی ناکامی ہے ۔ حکومت کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وکلا اور ججز کو تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ جنرل ضیا کے زمانے سے دہشتگردی کی بنیاد رکھی گئی۔ ضیا کے بنائے گئے دہشتگرد اب جوان ہو گئے ہیں اورگلے کاٹ رہے ہیں۔اچھے اور برے طالبان کا فارمولا جب تک چلتا رہے گا دہشتگردی ختم نہیں ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں رینجرز تعینات ہوئی ہے لیکن سیکیورٹی کے لئے ابھی اقدامات ناکافی ہیں ۔ وکلا کو صرف کورٹ کے اندر نہیں باہر بھی سیکورٹی چاہیے ۔صلاح الدین گنڈاپور نے کہا کہ وکلا کے علاوہ بھی گاڑیوں پر لوگ اسٹیکر لگا کر عدالتوں میں داخل ہوتے ہیں جس کیے ذمہ دار عدالتی انتظامیہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے لواحقین کو انتظامیہ معاوضہ ادا کرے اور سانحے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دلوائے۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں رینجرز کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے۔ عدالتوں میں وکلا سمیت تمام آنے والوں لوگوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر آنے کی اجازت دی گئی ،۔پاک رینجرز کے کرنل امجد اور کرنل شاہد نے سندھ ہائی کورٹ کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔واضح رہے کہ عدالتوں میں رینجرز تعیناتی کا فیصلہ منگل کو ڈی جی رینجرز کی وکلا سے ملاقات کے دوران ہوا تھا