حج محنت و مشقت کا نام ہے ،کوشش کریں کہ حج کے فرائض کی ادائیگی کے دوران آپ کا زیادہ سے زیادہ وقت اللہ کی عبادت میں گزارا جائے،سعدیہ راشد

بدھ 10 اگست 2016 20:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 اگست ۔2016ء) ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ حج محنت و مشقت کا نام ہے ۔ کوشش کریں کہ حج کے فرائض کی ادائیگی کے دوران آپ کا زیادہ سے زیادہ وقت اللہ کی عبادت میں گزارا جائے۔ انہوں نے یہ بات ہمدرد فیکٹری الرابعہ میں ہمدرد یونٹی ورکرز یونین (سی بی اے) کے زیر اہتمام ہمدرد کی جانب سے حج پر جانے والے حجاج کے اعزاز میں الوداعی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہر اس عمل سے اجتناب کریں جس میں آپ کو حج کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے لیے آسانیاں پیدا فرمائیں۔ اس موقع پر انہوں نے حجاج کرام سے کہا کہ وہ پاکستان کے استحکام، حفاظت و ترقی کے لیے خصوصی دعا ئیں بھی کریں۔

(جاری ہے)

ہمدرد کے ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمنسٹریشن طارق سعید نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم ا اللہ کے حضور ادارہ ہمدردکی ترقی، خوشحالی، بقاء و سلامتی کے ساتھ ساتھ ادارہ کے مالکان کی صحت و تندرستی ، درازی عمر اور بانی ہمدرد شہید حکیم محمد سعید کے درجات کی بلندی کے لیے رب العالمین کے حضور دعا کریں جن کی بدولت ہم سب کو یہ بابرکت سعادت حاصل ہو رہی ہے۔

اس سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر پروڈکشن حکیم عبدالباری نے حج کے فرائض اور فضائل پر روشنی ڈالی۔آخر میں ہمدرد کی متولیہ ڈاکٹر ماہم منیر احمد،سی بی اے کے جنرل سیکریٹری ظہیر احمد خان ، ہمدرد یونٹ کے انچارج سید احمد علی رضوی نے حج پر جانے والے خوش نصیب کارکنان اور حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کرکے آنے والے کارکنان ہمدرد کو تحائف پیش کیے اور مبارکباد دی۔ تقریب میں سی بی اے کے صدر سلیم القدر، نائب صدر فرزانہ مشتاق، جوائنٹ سیکریٹری رخسانہ رفیع، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عشرت حسین ،سیکریٹری نشرواشاعت سید احمد علی کے علاوہ سی بی اے کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :