موسلا دھار بارش نے شہر میں جھل تھل کر دیا ،نشیبی علاقوں اور شاہراہیں گھنٹوں بارش کے پانی میں ڈوبی رہیں

بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر ،درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے چیئرمین واسا چوہدری شہباز کو خود نکاسی آب کیلئے متحرک ہونا پڑا ،نکاسی آب آپریشن3گھنٹوں میں مکمل ہو گیا‘ واسا

بدھ 10 اگست 2016 20:46

لاہور /فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے جھل تھل کر دیا ،مختلف نشیبی علاقوں اور شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح سویرے سے ہی آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں جس سے اندھیرا چھا گیا ۔ اس کے بعد موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا ۔بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آ ب آ گئے اور بارش کا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔ مختلف شاہراہوں پر بھی بارش کاپانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق لکشمی چوک میں 51ملی میٹر،پانی والا تالاب میں34ملی میٹر اورجوہر ٹاؤن میں 42ملی میٹربارش ہوئی جبکہ فرخ آباد میں38ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔واسا کا عملہ متحرک نہ ہونے کے باعث کئی علاقے گھنٹوں پانی میں ڈوبے رہے ۔ جبکہ بارش کی شدت کے باعث چیئرمین واسا چوہدری شہباز کو خود نکاسی آب کیلئے متحرک ہونا پڑا ۔ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد نے لکشمی چوک اور سلطان احمد روڈ پر بارشی پانی کی نکاسی کے کام کی خودنگرانی کی ۔

واسا کے مطابق شہر کی تمام بڑی شاہراؤں سے نکاسی آب آپریشن3گھنٹوں میں مکمل ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اور شہر میں درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے ۔ لیسکو انتظامیہ نے بارش کے دوران آپریشن عملے کو بجلی بحالی کے کام سے روکدیا جس سے شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہے ۔

بارش کے بعد موسم خوشگوار ہونے کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 8سے 10جبکہ دیہاتوں میں 14سے 16گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔شاہدرہ یوسف پارک میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کی طرف سے شدید احتجاج کیا گیا ۔ مظاہرین نے ٹائرجلا کر لیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ فیصل آباد کے علاقے اسلام نگر میں بجلی کی بندش کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کیا اورمظاہرین نے ٹائر جلا کر جامعہ چشتیہ روڈ بلاک کردی اور فیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مشتعل مظاہرین نے بجلی ٹھیک کرنے کیلئے آنیوالی ٹیم پر بھی غصہ نکالا جسکے باعث فیسکو اہلکار گاڑی چھوڑ کر بھاگ گئے۔

متعلقہ عنوان :