سندھ واحد صوبہ ہے جہاں منتخب حکومت نے دہشت گردی کے خلاف عسکری اداروں کے ہمراہ بھرپور کارروائیاں کی ہیں، نثار کھوڑو

بدقسمتی سے پنجاب میں آج بھی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں ،صفایا وقت کی ضرورت ہے، پیپلز سیکرٹریٹ میں سانحہ کوئٹہ میں شہید ،زخمی ہونیوالے کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس ،دعائیہ تقریب سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 20:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے سربراہ اور صوبائی وزیر برائے خوراک وپارلیمانی امورنثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ صرف سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں منتخب جمہوری حکومت نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دیگر عسکری اداروں کے ہمراہ بھرپور کارروائیاں کی ہیں اور دہشت گردی کے بڑے نیٹ ورک کا صفایا کیا ہے۔

بدقسمتی سے پنجاب میں آج بھی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں جن کا صفایا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلز سیکریٹریٹ میں سانحہ کوئٹہ میں شہید اور زخمی ہونے والے کی یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریب کے شرکا سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر راشد حسین ربانی،ایم پی اے جاوید ناگوری،نادر حسین خواجہ، حبیب الدین جنیدی، وقار مہدی،ذوالفقار قائم خانی ،فرید انصاری، سردار خان،آصف راہی، اقبال رکشہ والا، مظفر شجرہ،اقبال ساند، شعیب مرزا،عمران بلوچ سمیت بڑی تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نہ صرف دہشت گردوں کی کمر توڑ ڈالی ہے بلکہ عالمی برادری بھی اس آپریشن سے حوسلہ لے رہی ہے اور کئی ممالک نے تو باقاعدہ اس طرز پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بار اور بینچ کو نشانہ بنا کر ایک تیر سے کئی شکار کرنا چاہتے تھے لیکن قوم کے وقار اور افواج پاکستان کی جرات نے ان کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وکلا اور عام آدمی کو نشانہ بنا کر اپنی درندگی کا ثبوت دے رہے ہیں لیکن انہیں علم نہیں کہ اب پوری قوم ان کا پیچھا کررہی ہے۔ انہوں نے وکلا برادری کے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی رہے گی۔