جب تک سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے رہیں گے ٗ اکرم خان درانی

میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے حکومت اور فوج کو تقسیم نہ کرے ٗ وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 اگست 2016 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جب تک سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے رہیں گے ٗ میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے حکومت اور فوج کو تقسیم نہ کرے ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے پاس داغدار لوگوں کی طویل لسٹ ہے۔

سانحہ کوئٹہ پر بہت افسوس ہوا، بڑا واقعہ ہے ہم کسی بڑے واقعہ کے بعد سرگرم ہوتے ہیں ۔جب تک دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور خفیہ اداروں کی لسٹ پر عمل کرتے ہوئے ان داغدار لوگوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے جو ملک میں دہشتگردی کے واقعات اور سہولت کار کے طور پر سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا موجودہ حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ وزیراعظم کے سانحہ کوئٹہ پر بعد میں پہنچنے اور آرمی چیف کا پہلے پہنچنے پر مختلف ٹی وی چینل پر اینکر پرسن فوج اور حکومت کو تقسیم کرنے کے حوالے سے پروگرام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کے سربراہ ہیں، انہوں نے کوئٹہ اپنے ایک پروگرام کے تحت جانا تھا لیکن آرمی چیف اور حکومت کے حوالے سے میڈیا نے غلط تاثر دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بعص ٹی وی چینل پر اینکر پرسن محمود خان اچکزئی سمیت قومی لیڈروں کو غدار کہتے رہے۔ فوج اور حکومت کو تقسیم کرنے والوں کو یہ سوچنا ہو گا کہ صدر مملکت، وزیراعظم فوج کے سربراہ بھی ہیں ان کا یہ تاثر بالکل غلط ہے۔ قومی لیڈروں پر بے جا تنقید اور غداری کے الزامات درست نہیں۔

متعلقہ عنوان :