Live Updates

عمران خان اور طاہرالقادری دھرنا سیاست کا کھیل کھیلنا چھوڑدیں ٗرانا تنویر حسین

نوازشریف کی بہترین قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے ٗ وفاقی وزیر کی گفتگو

بدھ 10 اگست 2016 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی و دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری دھرنا سیاست کا کھیل کھیلنا چھوڑدیں ۔ مسلم لیگ ن کے ایم این اے دانیال عزیز سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری عوام نے2013سے لے کر اب تک ہر انتخابی مرحلہ میں بار بار مسلم لیگ ن کو ووٹ دے کر دھرنا سیا ست کی نفی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں مائل ہونے والے عوامل سے عوام نالاں ہیں‘ اسی لیے غیر سنجیدہ سیاسی امیدواروں کو ووٹ دینے سے گریزاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی بہترین قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے ۔عمران خان اور طاہر القادری کو مشورہ ہے کہ ملک و عوام کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں‘ اپنی بلا مقصد سازشی اور لڑائی جھگڑے کی سیاست کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو ہم پر چھپ کر وار کرنے کے مواقع دینا بند کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم ان کواور ان کے تما م حواریوں کو پیغام دیتے ہے کہ اپنے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں اور اے پی ایس اور کوئٹہ جیسے قابل مذمت واقعات کو مستقبل میں قطعی طور پر روکنے کے لیے حکو مت کا ساتھ دیں‘عوام اپنا برا بھلا خوب پہچانتی ہے‘ضمنی الیکشن اور حالیہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی اسی کا واضح ثبوت ہے‘ اب بھی وقت ہے کہ عمران خان کو ہو ش کے نا خن لینے چاہئیں ’میں نہ مانوں‘ کی بچگانہ سیاست کو خیر باد کہہ کر سنجیدگی سے ملکی ترقی اور دہشت گردی سے نجات کے لیے ایک موثَراور مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات