وزیر اعظم کی بیرون ملک اوپن ہارٹ سرجری کے بعد پہلی بار قومی اسمبلی آمد ‘ وزراء اور ارکان کی جانب سے نشستوں پر کھڑے ہو کر اور ڈیسک بجا کر پر جوش خیر مقدم

نوازشریف کا اپنی نشست پر جانے سے قبل خورشید شاہ سے مصافحہ،حال احوال پوچھا حکومتی ا ور اپوزیشن ارکان نے وزیر اعظم کا خطاب انہماک سے سنا، حکومتی ارکان نے متعد دبار ڈیسک بجا کر داد دی

بدھ 10 اگست 2016 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم نوا زشریف کی بیرون ملک اوپن ہارٹ سرجری کے بعد بدھ کو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میں آمد ‘ حکومتی وزراء اور ارکان کا اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر اور ڈیسک بجا کر و زیر اعظم کا پر جوش خیر مقدم ‘ وزیر اعظم کا اپنی نشست پر جانے سے قبل قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے مصافحہ ۔

بدھ کو وزیر اعظم وقفہ سوالات کے تھوڑی دیر بعد ایوان میں آئے۔ ان کی آمد سے قبل وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایوان کو ان کی آمد بارے آگاہ کیا اور کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ و زیر اعظم تھوڑی دیر بعد ایوان میں آ رہے ہیں اور سانحہ کوئٹہ پر اظہار خیال کریں گے۔ میں ان کی گفتگو کے بعد امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس پر ایوان کو اعتماد میں لوں گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم طویل عرصہ بعد اجلاس میں شرکت کے لئے ایوان میں پہنچے تو وزراء اور حکومتی ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ان کا پر جوش خیر مقدم کیا اور زور دار انداز میں ڈیسک بجائے۔ وزیر اعظم اپنی نشست پر جانے سے قبل قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی نشست پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا اور حال احوال پوچھا۔ بعض ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم کی نشست پر جا کر ان سے مصافحہ کیا۔

وزیر اعظم کی آمد کے چند منٹ کے اندر ہی سپیکر ایاز صادق نے و زیر اعظم کو پالیسی بیان کیلئے دعوت دی۔ تاہم وزیر اعظم نے خلاف معمول مختصر تقریر کی اور فی البدیہ خطاب کی بجائے لکھی ہوئی تقریر تک محدود رہے۔ حکومتی ارکان کے ساتھ اپوزیشن ارکان نے بھی وزیر اعظم کا خطاب توجہ اور انہماک سے سنا ۔ وزیر اعظم کے خطاب کے دوران حکومتی ارکان نے متعد دبار ڈیسک بجا کر داد دی