میر غوث بخش بزنجو پوری زندگی حق کی صدا ،فکارِ جمہوریت میں گزار کر ہمیشہ کیلئے تاریخ میں امر ہوگئے،میر حاصل خان بزنجو

ان کی تواناجدوجہد نے آنے والی نسلوں کیلئے نئی راہ متعین کی، وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ

بدھ 10 اگست 2016 22:05

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدراور وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ آج 11اگست کو بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی ستائیسویں برسی منائی جارہی ہے۔ اسی روز مفکر بلوچستان ووداعی جمہوریت بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو ہم سے جدا ہوئے ۔

انہوں نے اپنی پوری زندگی حق کی صدا اورافکارِ جمہوریت میں گزار کر ہمیشہ کے لئے تاریخ میں امر ہوگئے۔ ان کے تواناجدوجہد نے آنے والی نسلوں کے لئے نئی راہ متعین کی ۔یہ وہ افکار تھے جو جمہوریت پسندی ، برداشت تحمل ، قومی احساس ،قومی بیداری ، خود داری ،حوصلہ مندی اورمثبت راہ میں اصول پسندی کی نبیاد پر جدوجہد کرنے کاطرز و طریقہ سکھایا ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی برسی کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہی۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدرمیر حاصل خان بزنجو نے کہاکہ یہ ایک مسلّمہ حقیقت ہے کہ آج ہر طبقہ فکر کی نظریں بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے فلسفہ اور طرز سیاست پر مرکوز ہیں ۔ چونکہ بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو نے اپنی پوری زندگی قوم کی شعوری آگاہی ، تعلیمی ترقی اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے وقف کررکھی تھی ۔

وہ برداشت اور عدم تشددکے پیرو کار تھے اس مقصد میں انہیں کامیابی بھی ملی اور انہوں نے حُسن سیاست کا جمہوریت کی صورت میں ہمیں گلدستہ دیکر رخصت ہوگئے ۔ آج گیارہ اگست کو بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی 27ویں برسی کے موقع پر جھالاوان کے صدر مقام خضدارمیں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرکے ان کی فکرو فلسفہ اور جمہوریت دوستی پر روشنی ڈالی جائیگی۔

نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو نے یقینا بلوچستان کے مستقبل کو شعورو آگاہی دی ، تعلیم دی ، فکر و فلسفہ دیا اور برداشت کے گُر سکھلائے ۔ بابائے بلوچستان کا یہ درس ہے کہ آج نیشنل پارٹی کامیاب جمہوری سیاست کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے انہوں نے جمہوریت پسندی ، برداشت تحمل ، قومی احساس ،قومی بیداری ، خود داری ،حوصلہ مندی اورمثبت راہ میں اصول پسندی و تعلیم کی زیور سے آنے والی نسلوں کو آراستہ کیا ۔

تشددو عدم برداشت سے دور رہنے کی درس دی یہی وجہ ہے کہ آج نیشنل پارٹی کا کارکن پُرامن اور سب سے زیادہ جمہوریت پسندی کا عملی نمونہ دکھائی دے رہاہے اور یہ پرُامن سیاسی و جمہوری جدوجہد آئندہ بھی جاری رہیگا اور آج گیارہ اگست کو نیشنل پارٹی بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی یاد میں خضدار میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کریگی جو جھالاوان کی سطح پر تاریخ جلسہ ہوگا ۔ اس سلسلے میں عوام سے پُر زور اپیل ہے کہ وہ اس جلسہ عام میں شرکت کرکے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں ۔

متعلقہ عنوان :