لاہور چیمبر اور نیدرلینڈز میں پاکستان مشن کا دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

بدھ 10 اگست 2016 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) لاہور چیمبر اور نیدرلینڈز میں پاکستان مشن دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر عفت عمران گردیزی اور لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید کے درمیان لاہور چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں ہوا۔ دونوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ تجارتی وفود اور تجارتی معلومات کے تبادلے پر خاص طور پر توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

سفیر نے کہا کہ نیدرلینڈز کی مارکیٹ تک رسائی پاکستانی مصنوعات کے لیے علاقے کے دیگر ممالک کے دروازے بھی کھول سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے لیے تجارتی وفود کے تبادلے اور تجارتی میلوں و نمائشوں میں حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر نیدرلینڈز کی مارکیٹ پر غلبہ پانے کے لیے بہترین حکمت عملی وضع کریں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ نیدرلینڈز یورپ، جرمنی اور بیلجیئم کی مارکیٹوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کی جھلک تجارت میں بھی نظر آنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :