ٹیوٹا اور لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین میں سرامکس سیکٹر کی ترقی کیلئے یادداشت پر دستخط

بدھ 10 اگست 2016 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اور لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین سرامکس سیکٹر کی ترقی کیلئے مل کر کام کرینگے۔ اس سلسلے میں دونوں اداروں کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر ٹیوٹا سیکریٹریٹ میں دستخط ہو گئے۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور وائس چانسلر لاہور کالج یونیورسٹی برائے خو اتین ڈاکٹر عظمی قریشی نے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پرممبر سرامکس بورڈ نبیلہ انتصار، مدثر مسعود، محمد ظفر، ٹیوٹا افسران اور لاہور کالج یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبران موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ سرامکس پاکستان کی پہچان ہے جس میں غیر ملکیوں کی بے حددلچسپی ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت لاہور گریجویٹس کی طالبات ٹیوٹا اداروں میں آن جاب ٹریننگ کریں گی۔

لاہور کالج کی وائس چانسلر اور اساتذہ ہمیں دنیا میں پاکستانی سرامکس کی مارکیٹ سے آگاہ کریں جہاں انکے تعاون سے سرامکس کی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ٹیوٹا لاہور کالج کے تعاون سے اپنی سرامکس کلاسز کی تعداد یکم ستمبر سے دگنا کر دے گی ۔انہوں نے ٹیوٹا کے سرامکس مینجمنٹ بورڈ میں لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین کی نمائندگی کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین کی معاونت سے سرامکس کی اشیاء کو نئی جدت ملے گی۔ وائس چانسلر لاہور کالج یونیوسٹی برائے خواتین ڈاکٹر عظمی قریشی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا کے ساتھ معاہدہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب پیش رفت ہے جس سے طالبات اور انکے خاندانوں کی معاشی کفالت میں مدد ملے گی اوریونیورسٹی کے اساتذہ اور طالبات کو ہنر سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے ٹیوٹا کی جانب سے صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کے فروغ اور بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :