آزادی بہت بڑی نعمت اور عطیہ خداوندی ہے جس کے حصول کیلئے ہمارے اسلاف نے لاکھوں جانوں اور املاک کی قربانیاں دیں ،ماہ آزادی کے موقع پر احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کی بجائے ہم سب کو پاکستان کو امن کا گہوارہ ، بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمداقبال کے خوابوں کی تعبیر بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کرنا چاہیے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر کا تقریب سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت اور عطیہ خداوندی ہے جس کے حصول کے لئے ہمارے اسلاف نے لاکھوں جانوں اور املاک کی قربانیاں دیں ماہ آزادی کے موقع پر احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کی بجائے ہم سب کو پاکستان کو امن کا گہوارہ ، بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمداقبال کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے لئے مشترکہ جدوجہد اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کرنا چاہیئے -انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میں انجمن فیض الاسلام اور محکمہ تعلقات عامہ پنجاب راولپنڈی ڈویژن کے اشتراک سے ’’ استحکام پاکستان اور یوم آزادی‘‘ کے موضوع پرانجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں جشن آزادی پاکستان کی منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-اس موقع پر صدر انجمن فیض الاسلام میاں صدیق اکبر اور سیکریٹری جنرل راجہ فتح محمد کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے قائداعظم کے افکار کے مطابق نظریہ پاکستان کے تحفظ اور قومی سلامتی و استحکام و ترقی کے لئے ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا- ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہمارے وجود کو مٹانے کے درپے ہیں جنہوں نے سانحہ کوئیٹہ کے ذریعے قوم کو یک جان ہوکر دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نمٹنے کا چیلنج دیا ہے․ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اتحاد و یک جہتی کے ذریعے انتشار کی سیاست سے بچ کر اس چیلنج پر پورا اتر سکتے ہیں ․ انہوں نے تحریک جدوجہد آزادی کے راہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والا ارض پاک ہماری امیدوں اور تمناؤں کا مرکز ہے - ڈاکٹر جمال ناصرنے کہا کہ اس مملکت خداد داد کو قوموں کی برادری میں نمایاں اور ممتاز مقام دلانے کے لئے ہمیں ہر شعبہ زندگی میں ترقی کی مثال قائم کرنی چاہیئے - معروف تاجر راہنما شرجیل میر نے اپنے خطاب کے دوران نظریہ پاکستان اور قیام پاکستان کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بانی پاکستان کے ارشاد ایمان ، اتحاد اور تنظیم ہمارے لئے مشعل راہ ہے - ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن حامدجاویداعوان نے اس موقع پر اظہار خیال کے دوران کہا کہ نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد اور استحکام پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کرکے روشن اور خوشحال مستقبل کے خواب کوشرمندہ تعمیر کیاجا سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ سیکریٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور کی ہدایات پر صوبے بھر میں یوم آزادی کی خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن کے ذریعے قوم کو تمام فقہی ، گروہی اورسیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر ملک کے استحکام کیلئے کام کرنے کا پیغام دیا جارہا ہے ․ انہوں نے کہا کہ بعض حلقے اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے ایک ایسے وقت میں ملک کے اندر انتشار کی سیاست کر رہے ہیں جب ملک کو مکمل یک جہتی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے ․ ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کے وسیع تر مفاد میں موجودہ حکومت کا ساتھ دینا چائییے جو ملک کی صنعت و معیشت کو مضبوط بنا کر اسکے استحکام کی پرخلوص کوششیں کر رہی ہے ․ اس موقع پرتاج محمد جان ، شاہدعلی تاج اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا-تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے کورس کی صورت میں قومی ترانہ پڑھا اور ’’پاکستان زندہ باد ‘‘ کے نعرے لگائے ․