Live Updates

دہشت گردی کے خلاف جنگ اب صرف حکومت اور فوج کی نہیں ہے بلکہ ہر فرد کی ہے سیاسی اختلافات ‘ہر کسی کے نظریات اپنی جگہ تاہم دہشتگردی کیخلاف تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں‘ اس ناسور سے نبرد آزماہونے کیلئے باہمی اتفاق رائے موجود ہے ‘ عوام کی طاقت سے دہشت گردوں کو ہر شہر ہر محلہ ہر گلی شکست دیں گے

پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یارمحمد رند کی مختلف وفود سے بات چیت

بدھ 10 اگست 2016 22:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یارمحمد رند نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اب صرف حکومت اور فوج کی نہیں ہے بلکہ ہر فرد کی ہے سیاسی اختلافات اور ہر کسی کے نظریات اپنی جگہ تاہم دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور اس ناسور سے نبرد آزماہونے کیلئے باہمی اتفاق رائے موجود ہے عوام کی طاقت سے دہشت گردوں کو ہر شہر ہر محلہ ہر گلی شکست دیں گے ، یہ ہر پاکستانی کی جنگ ہے اور ہر کسی کو اسکا حصہ بنکر قومی سلامتی کو یقینی بناناہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار یارمحمد رند نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کی صرف بلوچستان میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں اسکی تکلیف محسوس کی جارہی ہے اور پوری قوم بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے خصوصاََ وکلاء برادری جن کی جمہوریت کیلئے قربانیاں ہیں ان کے ساتھ ملک کا ہر فرد کھڑا ہے دہشت گردی کے خلاف پی ٹی آئی کے کسی سے کوئی سیاسی اختلافات نہیں اور آل پارٹیز کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان پر طے پانے والا اتفاق رائے موجود ہے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہ پرویز خٹک کی چیئرمین تحریک انصاف کے ہمراہ کوئٹہ آمد خیبر پختونخواہ کے عوام کی جانب سے بھی بلوچستان کے عوام کیلئے یکجہتی کا پیغام ہے۔

(جاری ہے)

سردار یارمحمد رند نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر عوام نے دہشت گردی کا پختہ عزم و ہمت سے مقابلہ کیا ہے اور مختلف بڑے سانحات میں بلوچستان کا ہر گھر اور ہر فرد بلواسطہ یا بلاواسطہ طور پر متاثر ہواہے اس کے باوجود عوام کے حوصلے بلند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے تمام محرکات تک پہنچنا ضروری ہے ، اور اسی بات کی تہہ تک پہنچنا ہوگا یہ حملے باربار ہم پر کیوں ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس عزم پر سب اکھٹے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف آخری حد تک جاناہے، اور انہیں شکست دیکر اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بناناہے، سردار یار محمد رند نے سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے تمام افراد کے بلند درجات کی دعا کی انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کی وارث ہے ، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا پاک فوج سیاسی اتفاق رائے اور عوام کی باہمی کوششوں سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کوناکام بناتے ہوئے ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات