لیبیا کی فورسز کاداعش کے ہیڈکوارٹر پرقبضہ،اسپتال،یونیورسٹی کا کنٹرول بھی حاصل

جمعرات 11 اگست 2016 11:30

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)لیبیا کی ملیشیا جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے نے کہاہے کہ انھوں نے سرت شہر میں خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والے شدت پسند تنظیم کے ہیڈکوارٹر کا کنٹرول حاصل کر لیا ۔ فورسز نے سرت میں ابن سینا ہسپتال اور یونیورسٹی کیمپس کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ،ادھر داعش نے سرت میں لیبیا کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے جس کے بعد حکومتی فورسز نے بتایا ہے کہ ایک طیارے سے ان کا رابطہ ختم ہو گیا ہے اس طیارے پر دو افراد سوار تھے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کی وفادار فورسز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اواگدوگو (کنونشن) سینٹر ہمارے قبضے میں ہے۔

عراق اور شام کے باہر سرت دولت اسلامیہ کا سب سے مضبوط گڑھ تسلیم کیا جاتا ہے اور یہ شہر فروری سنہ 2015 سے اس شدت پسند تنظیم کے زیر کنٹرول ہے۔

(جاری ہے)

حکومت حمایتی فورسز کا کہنا تھا کہ دولت اسلامیہ کے جنگجو اب بھی سرت شہر کے تین رہائشی مقامات اور سمندر کے قریبی ویلا کملیکس میں موجود ہیں۔تاہم گذشتہ چند ہفتوں سے دولت اسلامیہ کے خلاف کیے جانے والے حملوں کا سب سے بڑا مقصد اواگدوگو سینٹر پر قبضہ حاصل کرنا تھا۔

ترجمان ردا عیسی کا کہنا تھا کہ فورسز نے سرت میں ابن سینا ہسپتال اور یونیورسٹی کیمپس کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ اس دوران کم از کم تین اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں جبکہ دولت اسلامیہ کے تقریباً 20 جنگجو ہلاک ہوئے ۔امریکی اندازے کے مطابق سرت شہر میں دولت اسلامیہ کے ایک ہزار کے قریب جنگجو ہیں جن میں سے زیادہ تر غیر ملکی اور عراق، شام لڑائی سے آنے والے ہیں۔ادھر داعش سے منسلک نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ دولت اسلامیہ نے سرت میں لیبیا کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔حکومتی فورسز نے بتایا ہے کہ ایک طیارے سے ان کا رابطہ ختم ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر دو افراد سوار تھے۔