عسکریت پسند گروپ کسی اورکی مالی امدادہائی جیک کرکے حملے کرتے ہیں،عالمی کانفرنس

جمعرات 11 اگست 2016 11:44

بالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کے موضوع پر منعقدہ ایک بین الاقوامی اجلاس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اکثر عسکریت پسند گروپ مصائب کے شکار خطّوں میں بھیجی گئی مالی امداد کو ’ہائی جیک‘ کر لیتے ہیں اور اسے حملے کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق دو روزہ بین الاقوامی اجلاس جس میں بیس ملکوں کے وزراء شریک ہیں، انڈونیشیا کے تعطیلاتی جزیرے بالی میں شروع ہوا ۔

اس موقع پر انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے حکام کی تیار کردہ ایک رپورٹ کی تفصیلات بتائی گئیں، جس میں غیر سرکاری تنظیموں کو درپیش خطرات کا ذکر کیا گیا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا اور آسٹریلیا میں دہشت گردی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی سے متعلق اس رپورٹ میں آسٹریلیا میں ایسے دو کیسز کا ذکر کیا گیا ہے، جن میں گزشتہ عشرے کے وسط سے فلاحی اداروں کی طرف سے آسٹریلیا میں جمع کی گئی ساڑھے سات لاکھ ڈالر کی رقوم بیرونی دنیا میں مقیم دہشت گرد گروپوں کو بھیجی گئیں۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ میں خطّے کے تمام ممالک پر یہ بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں بالخصوص ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جانب سے فنڈز کی منتقلی کو روکنے کے لیے آپس میں زیادہ قریبی تعاون کریں۔آسٹریلیا کی مالیاتی انٹیلیجنس ایجنسی کے سربراہ پال جیوٹووِچ نے بالی منعقدہ اجلاس کو بتایاکہ اکثر یہ قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنے والی ایسی تنظیمیں ہوتی ہیں، جو دنیا بھر میں ایسے انسانوں کے لیے پیسہ بھیجتی ہیں، جو مصائب کا شکار ہوتے ہیں تاہم بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری انٹیلیجنس معلومات کے مطابق ان میں سے کچھ فنڈز متعلقہ منزل تک نہیں پہنچتے اور ان فنڈز کو دہشت گرد گروپ اْچک لیتے ہیں، بعد ازاں یہ گروپ اس پیسے کو اپنے پراپیگنڈے کے لیے یا عملاً دہشت پسندانہ حملے کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

پال جیوٹووِچ نے کسی گروپ کا نام لیے بغیر کہا کہ اس طرح یہ دہشت گرد گروہ وہ رقم اپنے استعمال میں لے آتے ہیں، جو دراصل ضرورت مندوں کے لیے یا ہسپتالوں وغیرہ کے لیے مختص ہوتی ہے۔اتھ ہی جیوٹووِچ نے اس امر پر زور دیا کہ اس طرح کی غیر سرکاری فلاحی تنظیمیں بلاشبہ جنگ زدہ علاقوں کے مصیبت زدہ انسانوں کی بھلائی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان معلومات کا مقصد ایسی تنظیموں کی فلاحی سرگرمیوں کی اہمیت کو کم کرنا ہرگز نہیں ہے۔

یہ انتباہ گزشتہ ہفتے ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم ورلڈ وڑن کی غزہ شاخ کے ڈائریکٹر پر ایک اسرائیلی عدالت کی جانب سے عائد کیے گئے اِس الزام کے بعد سامنے آیا ہے کہ اْس نے کئی ملین ڈالر فلسطینی تنظیم حماس اور اْس کے عسکری بازو کو فراہم کیے۔ امریکا میں قائم اس تنظیم نے غزہ شاخ کے ڈائریکٹر محمد الحلبی کے خلاف عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :