برطانیہ،زیر سمندر ریل سروس کے ملازمین کی کل سے سات روزہ ہڑتال

جمعرات 11 اگست 2016 11:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) برطانیہ کو براعظم پورپ سے ملانے والی زیر سمندر ریل سروس ’یورو اسٹار ‘ کے ملازمین نے رواں ماہ مجموعی طور پر سات روز کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق رودبارِ انگلستان کے پانیوں کے نیچے بنائی گئی ’یورو یا چینل ٹنل‘ نامی طویل سرنگ میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک ’یورو سٹار‘ نامی ریل گاڑیاں چلائی جاتی ہیں۔

برطانیہ کی ٹیوب ریل یونین آر ایم ٹی کے مطابق ہڑتال کا یہ فیصلہ ملازمت کے اوقات اور زندگی میں توازن کے حوالے سے طویل عرصے سے چلے آ رہے تنازعے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔آر ایم ٹی کے مطابق یہ ہڑتال دو حصوں میں، یعنی بارہ سے پندرہ اگست اور ستائیس سے انتیس اگست کے مابین کی جائے گی۔ اس تنازعے میں 80 ٹرینوں کے مینیجر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیوب یونین کا کہنا تھاکہ ان کے پچانوے فیصد ارکان نے ووٹ کے ذریعے اس ہڑتال کی حمایت کی ہے۔

یورو سٹار نے کہا ہے کہ اسے ہڑتال کے دنوں میں اپنے ٹائم ٹیبل میں معمولی تبدیلیاں کرنا ہوں گی تاکہ ان مسافروں کے سفر کو یقینی بنایا جا سکے جنہوں نے پہلے سے ہی ٹکٹیں خرید رکھی ہیں۔ یورو ریل کمپنی کے مطابق ایک یا دو ٹرینوں کی روانگی کو منسوخ کیا جا سکتا ہے تاہم مسافر بعد میں چلنے والی ٹرینوں میں سفر کر سکیں گے،آر ایم ٹی کے مطابق یہ تنازعہ2008 میں کیے گئے اس معاہدے کا احترام نہ کیے جانے کے تناظر میں چل رہا ہے، جس میں طے پایا تھا کہ یورو ریل کے ملازمین کے کام کے اوقات اور سماجی زندگی میں توازن قائم رکھا جائے گا۔

آر ایم ٹی کے سکریٹری جنرل مک کیش نے ایک بیان میں کہا،”یورو سٹار میں ہماری ٹرین انتظامیہ کے ملازمین پر لگاتار شفٹوں کا اضافی بوجھ ہے اور وہ بیمار پڑ گئے ہیں۔ مزید برآں وہ معاہدوں کی پاسداری کے سلسلے میں کمپنی کی ناکامی سے بھی تنگ آ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :