پاکستانی اداکاراوٴں کے درمیان لگژری گاڑیوں کی دوڑ

جمعرات 11 اگست 2016 12:14

پاکستانی اداکاراوٴں کے درمیان لگژری گاڑیوں کی دوڑ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست۔2016ء) امپورٹڈ میک اپ، جدید ملبوسات، زیورات اور سمارٹ موبائلز فون کے بعد فلم اور سٹیج کی اداکاراوٴں میں مہنگی اور لگڑری گاڑیاں رکھنا سٹیٹس سمبل بن گیا۔ اداکارائیں اپنی شخصیت کو دلکش اور جاذب نظر بنانے، اپنی شان وشوکت سے دھاک بٹھانے اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے نت نئے حربے استعمال کرتی ہیں۔

اداکاراوٴں میں مہنگا میک اپ، سٹائلش ملبوسات اور نئے نئے زیورات کی نمود ونمائش کوئی نئی بات نہیں بلکہ اب بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر وہ زیورات کو لوگوں کی نظروں سے اوجھل رکھتی ہیں۔ تاہم موبائل فون کے کریز نے انہیں مہنگے ترین سیٹ لینے پر مجبور کر دیا ہے ہر دوسری اداکارہ کے پاس 50 ہزار سے دو لاکھ روپے تک کا موبائل سیٹ موجود ہے لیکن اب فنکاراوٴں میں مہنگی گاڑیاں خریدنے کی ایک نئی روایت نے جنم لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوڑ میں سٹیج اداکاراوٴں نے فلمی اداکاراوٴں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تھیٹر کی تو بی کلاس اداکاراوٴں کو بھی بڑی گاڑیوں نے اپنی آغوش میں لے رکھا ہے۔ بلاشبہ سٹیج اداکاراوٴں کا معاوضہ پرکشش ہے لیکن کچھ اداکارائیں ایسی بھی ہیں جن کا معاوضہ تو کم ہے مگر ان کی شان وشوکت دوسروں سے کم نہیں ہے۔سب سے مہنگی گاڑیاں نرگس، ماہ نور، ندا چودھری اور ہنی شہزادی کے پاس ہیں۔

مذکورہ چاروں اداکاراوٴں کے پاس لگڑری گاڑیوں کے علاوہ ایک ایک بڑی گاڑی بھی موجود ہے۔ ان لگڑری گاڑیوں کی قیمت تقریباً 70 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک ہے جبکہ بڑی گاڑیاں بھی تقریباً 14 سے 25 لاکھ روپے کی مالیت رکھتی ہیں۔ اداکارہ صائمہ خان اور خوشبو کے پاس ایک، ایک بڑی گاڑی ہے جن کی قیمت تقریباً 15 سے 22 لاکھ روپے تک ہے۔ تھیٹر کی دوسری اداکاراوٴں آفرین، پائل چودھری، صوبیہ خان، نگار چودھری اور آشا چودھری ایک ایک گاڑی رکھتی ہیں ان کی گاڑیوں کی ملکیت تقریباً 13 سے 23 لاکھ روپے تک ہے۔

سٹیج اداکارہ قسمت بیگ، سارہ خان، کرینہ جان، شیبا رانی، شانزہ اور سنہری خان کے پاس بھی ایک، ایک بڑی گاڑی ہے جن کی مالیت تقریباً 15 سے 24 لاکھ روپے تک بتائی جاتی ہے۔ اگر فلمی اداکاراوٴں کو دیکھا جائے تو ان کے پاس بھی بڑی گاڑیاں موجود ہیں لیکن وہ تھیٹر کی اداکاراوٴں کی نسبت بہت پیچھے ہیں۔ میرا کے پاس دو بڑی گاڑیاں ہیں جن میں ایک گاڑی 15 سے 22 اور دوسری 14 سے 20 لاکھ روپے مالیت کی ہے۔ سپر سٹار صائمہ کے پاس ایک بڑی گاڑی ہے جس کی مالیت تقریباً 15 سے 23 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ ثناء کے پاس بھی ایک بڑی گاڑی ہے جس کی قیمت تقریباً 15 سے 22 لاکھ روپے ہے۔ اسی طرح نور کے پاس بھی ایک بڑی گاڑی ہے جو تقریباً 15 سے 23 لاکھ روپے مالیت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :