برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی نازیہ حسن کی 16 ویں برسی پرسوں کو منائی جائیگی

جمعرات 11 اگست 2016 12:28

برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی نازیہ حسن کی 16 ویں برسی پرسوں کو منائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی نازیہ حسن کی 16 ویں برسی ( ہفتہ ) کو منائی جائے گی ۔خوش شکل اور خوبصورت آواز کی مالک نازیہ حسن نے پندرہ برس کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا ۔ ان کی گائیکی سے متاثر ہوکر بھارتی پروڈیوسر ، ایکٹر وڈائریکٹر فیروز خان نے فلم قربانی میں ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے “شامل کیا جس نے نازیہ حسن کو راتوں رات سپراسٹار بنا دیا اور اس طرح وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کی میوزک انڈسٹری میں بھی جانا پہچانا نام بن گئیں ۔

نازیہ کا پہلا البم ڈسکو ”دیوانے “1982 میں ریلیز ہوا جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

(جاری ہے)

ڈسکو دیوانے کے بعد اگلے دس سالوں میں نازیہ کے چار مزید البم بوم بوم،ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرہ کیمرہ ریلیز ہوئے۔ نازیہ نے پاکستان میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کے لیے بین کے نام سے این جی او بھی بنائی ۔

اپنے کیرئیر میں مجموعی طور پر 20سے زائد میوزک ایوارڈ حاصل کیے۔جن میں بالی وڈ کا سب سے بڑا فلم فیئر ایوارڈ بھی شامل ہے۔ میوزک کی دنیا میں لاتعداد خدمات کے نتیجے میں حکومت پاکستان نے نازیہ حسن کو پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا۔کیرئیر کے عروج میں ہی نازیہ کو پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہوگیا تھا جس کے باعث وہ 13اگست 2000 ء کو لندن کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔