لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد نے موت کو بھی شکست دے دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 11 اگست 2016 13:56

لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد نے موت کو بھی شکست دے دی

کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11اگست۔2016ء ) قومی ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز حنیف محمد نے موت کو بھی شکست دے دی ،لیجنڈری کرکٹر کا دل بند ہونے کے 6منٹ بعد پھر سے دھڑکنا شروع ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق81سالہ حنیف محمد کافی عرصے سے پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور ان کی کیمو تھیراپی بھی ہوچکی تھی،کچھ روز قبل انہیں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں دوروز قبل طبیعت زیادہ بگڑنے پر ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر شفٹ کردیا تھا جس کے بعد آج ان کی انتقال کی خبر سامنے آئی تاہم ان کے بیٹے شعیب محمد نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کزن نے فون کرکے بتایا تھا کہ والد اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں ، وہ ہسپتال پہنچے تو انہیں پتہ چلا کہ لیجنڈری کرکٹر کا دل 6منٹ بند رہنے کے بعد ایک بار پھر سے دھڑکنے لگا ہے ،ڈاکٹرز اب ان کا معائنہ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

21دسمبر 1934ء کو جوناگڑھ میں پیدا ہونے والے حنیف محمد نے اکتوبر 1952ء میں بھارت کیخلاف دہلی ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اپنا آخری ٹیسٹ اکتوبر 1969ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف کراچی میں کھیلا ، انہوں نے پاکستان کے لیے 55ٹیسٹ میچز میں43.98کی اوسط سے 3915رنز سکور کیے تھے جس میں 12سنچریوں کے ساتھ15نصف سنچریاں بھی شامل تھیں ، انہیں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزا ز بھی حاصل ہے ، انہوں نے 1958ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف970منٹ بیٹنگ کے دوران 337رنز کی اننگز کھیلی تھی جو آج بھی ایک ملکی ریکارڈ ہے،حنیف محمد نے 1959ء میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں سرڈان بریڈ مین کا ریکارڈ توڑ کر 499رنز کی اننگز کھیلی تھی جو 35سال تک ریکارڈ رہا،وہ ایک رن کی کمی سے 500رنز نہیں بنا پائے تھے ،1994 ء میں ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے کاؤنٹی کرکٹ میں واروکشائر کے لیے 501رنز بنا کر انکا ریکارڈ توڑا تھا ، حنیف محمد کو 1968 ء میں وزڈن کا سال کا بہترین کرکٹر بھی قرار دیا گیا اور 2009 ء میں انہیں پاکستان کے دو سابق عظیم کھلاڑیوں عمران خان اور جاوید میانداد کے ساتھ آئی سی سی کے ہال آف فیم میں شامل ہونیوالے 55 کھلاڑیوں کی پہلی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔

حنیف محمد کے 5میں سے 4بھائیوں نے بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی ۔ حنیف محمد نے 238 فرسٹ کلاس میچوں میں 52.32 کی اوسط سے 55 سنچریوں اور 66 نصف سنچریوں کی مدد سے17059رنز بنائے تھے ۔

متعلقہ عنوان :