شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام کمیٹی قائم

جمعرات 11 اگست 2016 15:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست ۔2016ء) فیصل آباد کو سرسبز وشاداب ۔خوبصورت اور جدید ماحول دوست شہر بنانے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی ایک ماہ تک تیار کر لی جائے گی جس پر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ سرکاری محکموں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے اور اس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے علاوہ سول سوسائٹی کو بھی نمائندگی دی جائے گی ۔

یہ بات پارکس اینڈہارٹیکلچر اتھارٹی کے وائس چیئرمین حاجی خالد سعید ایم پی اے نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ممبروں سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی مختلف سڑکوں کا سروے شروع کر دیا گیا ہے ۔جب کہ ماہرین اور چیمبر کی مشاورت سے ان پر لگائے جانے والے موزوں درختوں اور پودوں کا سائنسی بنیادوں پر تعین کیا جائے گا تاکہ ان کے ذریعے نہ صرف شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جائے بلکہ ان کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

پی ایچ اے کے موجودہ انتظامی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکثر ملازم اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے جن کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے انھیں مخصوص ٹوپیاں پہنانے کی تجویز ہے تاکہ لوگوں کو بھی معلوم ہو سکے کہ ان کے علاقے میں پی ایچ اے کے کتنے ملازم ہیں اور وہ کام بھی کرتے ہیں یا صرف وقت گزاری کیلئے ڈیوٹی پر آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جن سرکاری محکموں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے گی ان میں پی ایچ اے کے علاوہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ۔

ماحولیات ۔صحت ۔اور واسا وغیرہ شامل ہونگے اس کی میٹنگ پر پندرہ روز بعد ہو گی تاکہ شجر کاری کے حوالے سے محکمہ کی پراگرس اور ملازمین کو دینے کے اہداف پر عمل درآمد کا بھی باقاعدگی جائزہ لیا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے کے زیر اہتمام پارکوں کی کل تعداد 325 ہے جن میں سے نصف میں بجلی بھی نہیں ۔کلیم شہید پارک کا ذکر کرتے ہوئے حاجی خالد سعید نے بتایا کہ اس کی ترقی کیلئے بھی چیمبر کی مشاورت سے ترقیاتی کام ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ایچ اے میں کام کرنے والوں نے علاقائی اور روایتی درختوں کے برعکس کھلی جگہوں پر " اِن ڈور" پودے لگا دیئے ۔اسی طرح کھجور اور دیگرناموزوں درخت لگا کر مختلف سڑکوں پر دراصل درختوں اور پودوں کی حلیم بنا دی ہے حالانکہ ان کا بنیادی مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کم کرنا ہے ۔حاجی خالد سعید نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے مخیر حضرات نے قدرتی آفات اور شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور انہیں توقع ہے کہ وہ پی ایچ اے کے ساتھ بھی بھر پور تعاون کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :