دنیا اب گلوبل ویلج میں تبدیل ہو چکی ہے ‘محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مثالی محکمہ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے ‘روایتی سیاست کو مسترد کرتے ہیں ‘ عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا ہے ‘محکمہ اطلاعات روایتی طریقوں کو چھوڑ کر جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر اپنی کارکردگی میں نکھار پیدا کرے

آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی مشتاق احمد منہاس کا تقریب سے خطاب

جمعرات 11 اگست 2016 15:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ دنیا اب گلوبل ویلج میں تبدیل ہو چکی ہے ‘محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مثالی محکمہ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے ۔روایتی سیاست کو مسترد کرتے ہیں ‘ عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا ہے ۔

محکمہ اطلاعات روایتی طریقوں کو چھوڑ کر جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر اپنی کارکردگی میں نکھار پیدا کرے۔ محکمہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اسے مثالی محکمہ بنائیں گے۔ محکمہ اطلاعات ریاست کا چہرہ ہے۔ ریاست میں ہونے والی تعمیر وترقی و خوشحالی اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کا رول انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ریاست کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔تمام ملازمین محنت ، لگن اور خدمت خلق کے جذبہ کے تحت اپنے فرائض منصبی انجام دیں ۔ اطلاعات میں مزید اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ محکمہ کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

محکمہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا میرٹ اور انصاف کے مطابق سب مل کر محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔شاندار سروس مکمل کرنے کے بعد ر یٹائرمنٹ پر سید سلیمان شاہ کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات نے محکمہ کے سینئر فوٹو گرافر سید سلیمان شاہ کے اعزاز میں منعقدہ الوادعی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن امجد حسین منہاس، محمد بشیر مرزا،اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالمجید، انفارمیشن آفیسر سید آصف حسین نقوی، انفارمیشن آفیسرز مقصود احمد میر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ محمد سہیل،، محترمہ قرة العین اورمحکمہ کے ملازمین بھی موجود تھے۔

ملازمین محنت، لگن اوردیانتداری سے مفاد سرکار اور عوام کی سہولت کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور انصاف کی بنیاد پر عوام نے ن لیگ کو کامیاب کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی نے کہا کہ کامیاب سروس کے بعد ریٹائرمنٹ پر سید سلیمان شاہ مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلقات عامہ ریاست کا چہرہ ہے۔ریاست کی ترقی و خوشحالی اور حکومت کے اہم کاموں کو اجاگر کرنے کے لیے محکمہ تعلقات عامہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود محکمہ تعلقات عامہ کے ملازمین دن رات کام کر کے محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سٹاف کی کمی کے باوجود ملازمین اپنے فرائض منصبی محنت اور لگن سے سر انجام دے رہے ہیں۔ آخر میں وزیر اطلاعات ، سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے سید سلیمان شاہ کو تحائف دیے۔