پاکستان کی بقاء اورسلامتی کیلئے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے‘ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کچلنے پر بھارت عالمی سطح پر ایکسپوز ہوچکا ہے

سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 11 اگست 2016 15:27

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اورسلامتی کے لیے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کچلنے پر بھارت عالمی سطح پر ایکسپوز ہوچکا ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد کو طاقت کے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا۔

کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا کر رہے گا اور کشمیریوں کو جدا کرنے والی خونی لکیر مٹ کررہے گی ،پیپلز پارٹی کے بانی چیئر مین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر ایک ہزار سال جنگ لڑنے کی بات کی تھی،کشمیری آزادی سے کم کسی آپشن کو قبول نہیں کرئینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چودھری محمد اشرف نے کہا کشمیری اپنے خون سے آزادی کی تحریک کی آبیاری کررہے ہیں۔

پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے،مستحکم جمہوری پاکستان ہی تحریک آزادی کا ضامن ہے اُنہوں نے کہا پاکستان کا استحکام اور سلامتی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ کشمیریوں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جاسکتیں اوراہل کشمیر حق خودارادیت کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔انہوں نے کہا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کروائے۔ورنہ یہ خطہ بھارت کی ہٹ دھرمی سے بارود کا ڈھیر بن سکتا ہے ۔