وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے ٹاسک فورس کے قیام پر اتفاق

جمعرات 11 اگست 2016 16:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطح ٹاسک فورس کے قیام پر اتفاق کیا گیا جو متعلقہ محکموں کے سینئر حکام ‘ انٹیلی جنس اداروں اور وفاقی و صوبائی حکومت کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

جمعرا ت کو وزیر اعظم نوا زشریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے جائزہ اجلاس ہوا جس میں و زیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ‘ معاون خصوصی طارق فاطمی ‘ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس 6 گھنٹے جاری رہا جس میں نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلوؤں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملک کے ہر کونے سے دہشت گردی او ر انتہاء پسندی کے خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال ‘ ملک کو غیر مستحکم کرنے میں دشمن کی خفیہ ایجنسیوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کیلئے کوششیں تیز کرنے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطح پر ٹاسک فورس کے قیام پر اتفاق کی گیا۔

ٹاسک فورس متعلقہ محکموں کے سینئر حکام ‘ انٹیلی جنس اداروں اور وفاقی و صوبائی حکومت کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی بروقت اور نتیجہ خیز ہونی چاہیے ۔ انہو ں نے کہا کہ امن کی مکمل بحالی حکومت اور تمام اداروں کی اولین ترجیح رہے گی۔ انٹیلی جنس ادارے قومی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ قومی مفادات کے تحفظ میں بھی ان کا اہم رول ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں کو تمام ضروری وسائل اور حمایت مہیا کی جائے گی۔