پیپلز پارٹی کا مشن پرامن اور مستحکم پاکستان ہے ،مولابخش چانڈیو

اپنے دور اقتدار میں اقلیتوں کوکارآمد شہری بنانے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنیکی بات کی ہے،مشیر اطلاعات سندھ

جمعرات 11 اگست 2016 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے اقلیتی برادری کے قومی دن کی مناسبت سے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور اقتدار میں ملک میں آباد تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ ، انہیں معاشرے میں کارآمد شہری بنانے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنیکی بات کی ہے بلکہ اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید جمہوریت دختر مشرق بینظیر بھٹو کی سوچ فکر کو مشعل راہ بناکر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت پوری قیادت اپنے ہر قول وعمل سے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور پاکستان کو قائد اعظم کے نظریئے کے عین مطابق ریاست بنانے کے مشن کو ہر ہر پلیٹ فارم پر مقدم رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے عظیم رہنما ؤں کے نظریات اور مشن کو ایک مقصد بناکر پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ، انکی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ ، ان میں ملکیتی حقوق کا احساس وفروغ ، انکے ساتھ امتیازی سلوک کے انسداد جیسے اقدامات کو ہر سطح پر اہمیت دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری کو بھرپور تحفظ دینے کے لیئے ایک مکمل انتظامی محکمہ برائے اقلیتی امور کی تشکیل اور اسکے تحت ہندو میرج ایکٹ 2016 ،سندھ متروکہ املاک اور لاپتہ افراد کے قوانین کا ایکٹ۔

سندھ اقلیتی حقوق کمیشن بل 2015، پر عمل درآمد جیسے اقدامات بین ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی حقیقی معنوں میں اس ملک کی واحد جمہوری طاقت ہے جس نے ہمیشہ عوام کی طاقت اور آواز پر لبیک کہا ہے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پرامن اور مستحکم پاکستان پیپلز پارٹی کا مشن ہے ہماری طاقت جمہور ہے اور ہم ہمیشہ ان ہی کے ووٹوں کی طاقت سے منتخب ہو تے چلے آرہے ہیں۔