دہشت گردی کے سفاکانہ واقعات نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے،مولانا محمد خان شیرانی

ملک سیکورٹی اسٹیٹ بن چکا ہے دہشت گردوں کو لگام دینے والا کوئی نہیں،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 اگست 2016 18:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علما ء اسلام کے مرکزی رہنماایم این اے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سفاکانہ واقعات نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے ملک سیکورٹی اسٹیٹ بن چکا ہے دہشت گردوں کو لگام دینے والا کوئی نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پہنچنے پر آغا خان اسپتال میں کوئٹہ بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت اور الخیرٹرسٹ کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حاجی محمد ادریس ، محمد طاہر انصاری ، مشتاق الرحمن زاہد ، اسحاق خان اچکزئی ، قاری روح الامین اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے محمد طاہر انصاری کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لئے دعا ء مغفرت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اندوہناک اور دردناک واقعات کے روک تھام کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ناقص اقدامات کی وجہ سے دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے جو لمحہء فکریہ ہے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت دہشت گردی کے سدباب اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں سنجیدہ ہے تو نیشنل ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنائے اور بلا امتیاز کارروائیوں کو تیزاور یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے حکومت دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ لیں اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر عملی اور دیرپا اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ وہ گھڑی آپہنچی ہے کہ دہشت گردی اور ملک دشمنوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پوری قوم ایک صف ہوکر وطن دوستی کا مثالی مظاہرہ کرے اور ملک دشمنوں کے مذموم اورناپاک عزائم خاک میں ملا دے۔