ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن گارمنٹس کے امپورٹرز کا نکتہ نظر سنیں مسئلے کا ایسا حل تلاش کریں جو سب کیلئے قابل قبول ہو‘لاہور چیمبر

پہلے امپورٹڈ گارمنٹس کی ویلیوایشن 4.4ڈالر فی درجن کے حساب سے کی جاتی تھی اب 3.3ڈالر فی پیس کے حساب سے کی جارہی ہے

جمعرات 11 اگست 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) لاہور چیمبر درآمد شدہ گارمنٹس پر ویلیوایشنز میں بھاری اضافے کا معاملہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کے سامنے اٹھائے گا۔ یہ بات لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن، شاہ عالم، اقبال ٹاؤن اور شہر کی دیگر مارکیٹوں کے پچاس رکنی وفد سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کمی۔

تنویر احمد صوفی، زاہد مقصود بٹ، اشرف بھٹی، محمد شہزاد، شہزادہ بابر، حاجی فرخ اقبال، محمد ادریس، اشفاق بٹ، اخلاق اجمیری و دیگر نے ابھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفد نے لاہور چیمبر کے نائب صدر کو آگاہ کیا کہ ڈائریکٹر جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن نے درآمد شدہ گارمنٹس کی ویلیوایشن میں نو سو فیصد تک اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے امپورٹرز کا کاروبار تباہ ہورہا ہے اور کمرشل امپورٹرز کے پاس اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں رہ گیا کہ یا تو وہ کاروبار بند کردیں یا پھر مال ملک میں لانے کے لیے دیگر ذرائع استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے امپورٹڈ گارمنٹس کی ویلیوایشن 4.4ڈالر فی درجن کے حساب سے کی جاتی تھی لیکن اب یہ ویلیوایشن 3.3ڈالر فی پیس کے حساب سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ فیصلہ نہ لیا گیا تو جہاں امپورٹرز کے کاروبار تباہ ہوجائیں گے وہاں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کو بھی محاصل کی مد میں بھاری نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ فوراً حل نہ کیا گیا تو گارمنٹس کی غیرقانونی امپورٹ کو فروغ حاصل ہوگا اور یہ بھی ممکن ہے کہ گارمنٹس افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت آنا شروع ہوجائیں جو ملک کے مفاد میں نہیں لہذا ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن یہ مسئلہ فوری طور پر حل کرے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن گارمنٹس کے امپورٹرز کا نکتہ نظر سنیں اور اس مسئلے کا ایسا حل تلاش کریں جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔

متعلقہ عنوان :