افغانستان میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ بازیاب ،بحفاظت پاکستان پہنچا دیا گیا

جمعرات 11 اگست 2016 18:29

اسلام آباد/چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) افغان صوبہ لوگر میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد طالبان کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانیو الے عملے کے ارکان کو بازیاب کرا لیا گیا جس کے بعدانھیں بحفاظت پاکستان پہنچا دیا گیا ۔ جمعرات کو پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو بازیاب کروالیا گیاہے جس کے بعد وہ بحفاظت پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کے حوالے سے ابھی تک سرکاری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں ہیں کہ کس قسم کے مذاکرات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

4 اگست کو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر اورہالنگ کیلئے ازباکستان میں روسی بیس پر جارہاتھا لیکن فنی خرابی کے باعث افغانستان کے صوبے لوگر میں کریش لینڈنگ کرنی پڑ گئی ،لوگر کا علاقہ افغان طالبان کے قبضے میں ہے اور تمام عملے کو کریش لینڈنگ کے بعد طالبان کی جانب سے تحویل میں لے لیا گیاتھا۔

ذرائع کے مطابق عملے میں شامل چھ افراد کو چترال کے سرحدی علاقے میں پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیاہے۔پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر میں روسی پائلٹ سرگئی سیاس تیانوف ،کرنل(ر)صفدر، میجر(ر)صفدر، لیفٹیننٹ کرنل (ر)شفیق، لیفٹیننٹ (ر)ناصر، کریوچیف کوثر اورسویلین داود سوار تھے۔

متعلقہ عنوان :