شام میں روسی طیاروں کی بمباری اور مشتبہ طور پرکلورین گیس کے حملے میں 33افراد ہلاک ،70زخمی

روسی طیاروں نے داعش کے مضبوط گڑھ الرقہ میں فضائی حملہ کیا جسمیں 30 افراداور 70 دیگر زخمی ہوئے ،حلب میں کلورین گیس کے حملے میں4 سویلین ہلاک اور 55زخمی ہو گئے، زبدیا کے علاقے میں 4بیرل بم گرائے گئے جن میں ایک میں کلورین گیس تھی،امدادی کارکن روس کا حلب میں روزانہ 3 گھنٹے کیلئے جنگ بندی کا اعلان

جمعرات 11 اگست 2016 18:32

شام میں روسی طیاروں کی بمباری اور مشتبہ طور پرکلورین گیس کے حملے میں ..

دمشق/ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) شام میں روسی طیاروں کی بمباری اور مشتبہ طور پرکلورین گیس کے حملے میں 34افراد ہلاک اور125زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں داعش کے مضبوط گڑھ اور دارالحکومت قرار دیے جانے والے شہر الرقہ میں روسی طیاروں نے فضائی حملہ کیا ہے۔ شام میں جاری خانہ جنگی پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان حملوں میں 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

لندن میں قائم اس تنظیم کے مطابق شام کے شمال مشرق میں واقع اس شہر میں کی جانے والی اس کارروائی میں 70 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب شام میں کام کرنے والے ریسکیو ورکرز نے کہا ہے کہ مشتبہ طور پر کلورین گیس کے ایک حملے میں4 سویلین ہلاک اور 55زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

حلب شہر میں اپوزیشن کے قبضے والے علاقے میں ان مرنے والوں میں ایک ماں اور اس کے2 بچے شامل ہیں۔

ایک امدادی کارکن کا کہنا تھا کہ ایک حکومتی ہیلی کاپٹر نے بدھ کی شب زبدیا کے علاقے میں چار بیرل بم گرائے جن میں ایک میں کلورین گیس تھی۔ تاہم آن لائن پوسٹ کی جانے والی اس خبر کی تصدیق دیگر ذرائع سے نہیں ہو سکی اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا ہے کہ یہ کس طرح معلوم ہوا کہ بیرل بم سے کلورین گیس نکلی۔ادھر روس کی وزارت دفاع نے شام کے جنگ زدہ شمالی شہر حلب میں روزانہ تین گھنٹے کے لیے زمینی اور فضائی حملے روکنے کا اعلان کیا ہے تاکہ محصور شہریوں کو انسانی امداد بہم پہنچائی جاسکے۔

روسی آرمی کے جنرل اسٹاف کے لیفٹیننٹ جنرل سرگئی روڈسکوئے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلب کی جانب جانے والے امدادی قافلوں کی مکمل سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک محفوظ راستہ دیا جائے گا۔اس دوران تمام فوجی کارروائیاں ،فضائی حملے اور توپ خانے سے گولہ باری روک دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ لڑائی میں اس وقفے کا آغاز جمعرات سے ہوگا اور یہ گرینچ معیاری وقت 0700 جی ایم ٹی سے 1000جی ایم ٹی تک جاری رہے گا۔

تاہم روسی جنرل نے یہ نہیں بتایا کہ تین گھنٹے کے لیے یہ جنگ بندی کتنے روز تک جاری رہے گی۔اقوام متحدہ نے گذشتہ روز حلب میں فوری طور پر انسانی بنیاد پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اس شہر میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران باغیوں اور اسدی فوج کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں شہری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے بیس لاکھ مکینوں کو پانی کی قلّت کا سامنا ہے اور برقی رو بھی معطل ہے۔