پاکستان ارجنٹائن کیساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیکر دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلے پرعزم ہے، سردار ایاز صادق

زراعت کے شعبہ میں وسیع تر تعاون کی ضرورت ہے ٗ زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون پائیدار تر قی اور فوڈ سیکورٹی کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے ٗ ارجنٹائن کے سفیر سے گفتگو

جمعرات 11 اگست 2016 18:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ارجنٹائن کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلے پرعزم ہے ٗزراعت کے شعبہ میں وسیع تر تعاون کی ضرورت ہے ٗ زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون پائیدار تر قی اور فوڈ سیکورٹی کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر ایوان ایوانیسیوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملا قات کی۔ پاک-ارجنٹائن دوستی گروپ کے کنوینئر غوث بخش خان مہر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سپیکر نے ارجنٹائن کے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط میں فروغ اور اقتصادی تعاون میں اضافہ دوطر فہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کیلے ایک مربوط فریم ورک تر تیب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت نے بیرونی سر مایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے اور انہیں سہولیات مہیا کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست پالیسیاں وضع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ملک کی تمام سیاسی قوتوں کی مشاورت سے نیشنل ایکشن پلان تر تیب دیا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیا ں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپر یشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور ملک میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ ارجنٹائن عالمی امن اور سیکورٹی کیلئے پاکستان کی طر ف سے دی جانے والی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جلد ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط کو فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفودکے تبادلے ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :