Live Updates

عمران خان ملک میں موجود کرپشن کو جڑ سے اکھاڑدینا چاہتے ہیں،حلیم عادل شیخ

حکومت کے وفاداروں کے سوا اس ملک میں کوئی خوشحال نہیں ہے ،رہنما ء پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 11 اگست 2016 18:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ نواز لیگ کی حکومت جمہوری حکومت کہلانے کے ہرگز لائق نہیں ہے ،حکمرانوں نے اس قوم کو کیا دیاہے جو وہ اقلیتوں کا تحفظ کرسکتی ہے ؟۔نوازلیگ کی نسبت تحریک انصاف اس ملک میں اقلیتوں کو ان کے حقوق دینے پر یقین رکھتی ہے ،نوا زلیگ اقلیتوں کے قومی دن کو محض خانہ پوری کے لیے منارہی ہے اس ملک میں رہنے والی سبھی قومیں جانتی ہیں کہ ملک اس وقت مفلسی کی آخری حدوں کو چھورہاہے ۔

عادل ہاؤس سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت کے وفاداروں کے سوا اس ملک میں کوئی خوشحال نہیں ہے ،دہشت گردی ہو یا غربت کا خاتمہ اتنی ہمت موجودہ حکمرانوں میں نہیں ہے ،غیروں کی خوشنودی اوردولت جمع کرنے کا جنون جن ممالک کے حکمرانوں میں ہو وہ ممالک کبھی ترقی نہیں کرسکتے اور بدقسمتی سے ہمارے حکمران ان دونوں ہی معاملات میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چیئرمین عمران خان اس ملک کی کرپشن کو جڑ سے اکھاڑدینا چاہتے ہیں جبکہ نواز لیگ والے خود بھی ملک کو لوٹ رہے ہیں اور اپنے ماتحت لوگوں کو بھی یہ ہی ترغیب دیتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ حکومتوں سے جڑے تمام لوگ ہی مالا مال ہیں جبکہ اس ملک کی عوام کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے ،تحریک انصاف میں انسانیت کا درد رکھنے والے لوگوں کی کمی نہیں ہے ہمیں اقتدار میں آنے کا موقع ملا تو کچھ ہی عرصے میں پاکستان کا ہر ہاری اور مزدور خوشحال ہوجائے گا،کیونکہ تحریک انصاف کی ترجیحات میں امن وامان کا قیام اور غربت کا خاتمہ اولین ترجیح ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے اندر حکومت کے خلاف مایوسی اور بے چینی روزانہ کے حساب سے بڑھ رہی ہے ،دہشت گردی اور معیشت کی تباہی نے اس ملک کی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ،عوام کو اس وقت حکومت کے وزیروں اور ان کے پالیسی میکروں سے شکایات ہے جو صرف اور صرف اپنے ہی گوداموں کو بھررہے ہیں جبکہ غریبوں کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑلینا چاہتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات