وزیر اعظم کی نگرانی سے سی پیک منصوبے کی رفتار تیز رہے گی اور شفافیت برقرار رہے گی ‘چیئرمین پیاف

اقتصادی راہداری منصوبوں کی نگرانی وزیر اعظم پاکستان کے بذات خود کرنے کا فیصلہ خوش آئندہے‘عرفان اقبال شیخ

جمعرات 11 اگست 2016 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوشی ایشنز فرنٹ نے اقتصادی راہداری اور توانائی منصوبوں کی نگرانی وزیر اعظم پاکستان کے بذات خود کرنے کے فیصلے کو ملکی معیشت کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے گزشتہ روز سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب کے ہمراہ ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی نگرانی سے سی پیک منصوبے کی رفتار تیز رہے گی اور شفافیت برقرار رہے گی۔

سی پیک منصوبہ ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن کرے گا اس منصوبہ کے چالو ہونے سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے روزگار کے لاکھوں مواقع حاصل ہونگے۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ راہداری منصوبے سے چاروں صوبوں کو یکساں فائدہ ہو گا جبکہ پاکستان تجارت کی علاقائی منڈی بن جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس بیان کا بھی خیر مقدم کیا کہ سی پیک منصوبہ میں پاکستان اور چین کی منزل مشترکہ ہے ہر رکاوٹ دور کرینگے۔

سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ملک کے معاشی و سماجی حالات میں تیز ی سے بہتری آئے گی۔ اقتصاد ی راہداری منصوبہ میں شامل گوادر صنعتی زون میں چین، مشرق وسطی،یورپی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کی جانب سے 3سو سے زائد صنعتی یونٹس کے قیام ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے سے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے جس کے باعث پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مستحکم و خوشحال ریاست کے طور پر جانا جائے گا۔

وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ میں چینی کمپنیوں کی طرف سے 10ہزار میگا واٹ بجلی منصوبوں سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا۔انڈسٹریز کو اس کی ضروریات کے مطابق بجلی کی مسلسل فراہمی سے صنعتی پہیہ رواں دواں رہے گا جس سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ اس لیے سی پیک منصوبہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور توانائی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ٹائم فریم مقر ر کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :