بھارت وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کوخطوط لکھنے پر چیخ اٹھا

بین الاقومی رہنماؤں کو خطوط لکھ کر سرحد پار دہشتگردی کا معاملہ چھپایا نہیں جا سکتا،بھارتی وزارت خارجہ کا ردعمل

جمعرات 11 اگست 2016 19:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) بھارت نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کو خط لکھنے کے معاملے پر کہا ہے کہ بین الاقومی رہنماؤں کو خطوط لکھ کر سرحد پار دہشتگردی کا معاملہ چھپایا نہیں جا سکتا۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزات خارجہ نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر اقوام متحدہ کو خط لکھنے کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقومی رہنماؤں کو خطوط لکھ کر سرحد پار دہشتگردی کا معاملہ چھپایا نہیں سکتا ۔

ترجمان وزارت خارجہ وکاس سوراپ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی قسم کی صورتحال پر پاکستان کا کوئی حق نہیں بنتا یہ ہمارا اندرنی معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

لشکرطیبہ کے دہشتگرد کی حالیہ گرفتاری اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ پاکستان مسلسل سرحد پار دہشتگری میں ملوث ہے ۔ ۔واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے منگل کو کہا تھاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں گے اور کشمیری عوام کی حالت زا ر سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو رکوانے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھے ہیں ۔