ایرابورڈ کا 19واں اجلاس ، اہم فیصلوں کی منظور ی

مالی امور اور جاری منصوبہ جات پر کام کی رفتا ر کو مزید بہتر بنانے کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے ایجنڈا پوائنٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 11 اگست 2016 19:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء)بحالی وتعمیر نو کے قومی ادارے ایرا کے اجلاس میں مالی امور اور جاری منصوبہ جات پر کام کی رفتا ر کو مزید بہتر بنانے کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے ایجنڈا پوائنٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بورڈ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظور ی دی گئی۔جمعرات کو ایرا ہیڈ کواٹرز میں ایرا بورڈ کا انیسواں اجلاس چار سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوا۔

ایرا کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ایرا بورڈ کے 11ارکان نے شرکت کی جن میں ایرا کے قائم مقام ڈپٹی چیئرمین، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس،منصوبہ بندی و ریفارمز ڈویژن، اقتصادی امور ڈویژن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایرا نے اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔

قائم مقام ڈپٹی چیئرمین ایرا نے ادارے کے جاری ترقیاتی پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ایرا نے کامیابی سے زلزلے سے متاثر ہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے 10ہزار سے زائد منصوبہ جات مکمل کر لیے ہیں ۔ایرا کے مالی امور اور جاری منصوبہ جات پر کام کی رفتا ر کو مزید بہتر بنانے کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے ایجنڈا پوائنٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بورڈ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظور ی دی گئی۔