حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی، ڈاکٹر زبیر اے خان

جمعرات 11 اگست 2016 19:17

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر زبیراے خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔دہشت گردی کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے جس کے نتیجے میں معصوم انسان اپنی جانوں سے ہاتھ دھورہے ہیں۔گلی محلوں سے بچے اغواء ہورہے ہیں اور حکمران ایسے واقعات کو معمولی واقعات قرار دے رہے ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جو کہ ضرب عضب کو ناکام کرنے کی ایک سازش ہے۔حکمران قوم کو جواب دینے سے قاصر ہیں کہ بیرون ملک جائیدادیں کیسے بنائیں۔سانحہ ماڈل ٹاؤن میں سرعام قتل عام کے مجرم دندناتے پھر رہے ہیں اور مظلوم انصاف کیلئے دربدر دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

ان حالات میں انصاف کیلئے حصول کیلئے شروع کی جانیوالی تحریک قصاص میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے کامیابی کی مہر لگا دی۔

تحریک قصاص کی بھر پور کامیابی سے حکمرانوں کے محلات میں زلزلہ بپا ہوچکا ہے۔شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے کیلئے 20 اگست کو ملتان میں بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔جس کے اختتام پر نواں شہر چوک میں تاریخی دھرنا ہوگا۔ملتان میں عوامی تحریک کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر اے خان نے کہا کہ حکمرانوں کے اقتدار کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔ظلم کی حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔جلد حکمرانوں کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے۔

متعلقہ عنوان :