Live Updates

عمران خان کو پاکستان کی آزادی کے مہینے میں ہی احتجاج کا دورہ کیوں پڑتا ہے؟ امیر مقام

ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بھرپور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبزہلالی پرچم لہرائیں APSسکول، کوئٹہ ،کشمیر، آزادی کی تحریک اور دہشت گردی کے شکار ہونے والے تمام شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں عمران خان احتجاج کیلئے کوئی اور مہینہ چُن لیں ، 15 اگست کو ہمارے ساتھ ملکر یوم سیاہ منائیں ،پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو

جمعرات 11 اگست 2016 19:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہرمحب وطن سوال کررہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کی آزادی کے مہینے میں ہی احتجاج کا دورہ کیوں پڑتا ہے؟ مسلم لیگ (ن) پورے ملک کی طرح خیبر پختونخوااور فاٹا کے غیور عوام کے ساتھ مل کر جشن آزادی بھرپور قومی وملی جذبے سے منائے گی۔

جمعرات کو پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پورے خیبرپختونخوا اور فاٹا میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار اور کارکن ضلع، تحصیل اوریونین کونسل کی سطح پر بھرپور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبزہلالی پرچم لہرائیں اور جشن آزادی منائیں۔ اس موقع پر تمام شہداء بالخصوص اے پی ایس اور کوئٹہ کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں اور دہشت گردی کے خلاف بے مثال جرات، بہادری اور استقامت دکھانے پر پاکستان افواج ،دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اور دہشت گردی کے شکار ہونے والے تمام شہداء کو سلام عقیدت پیش کریں جنہوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے دہشت گردی کرنے والوں کے ارادوں کو اپنے خون سے ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان کے بعد اب پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے اس کی بنیادوں کو خون دینے والے ہم سب کے ہیروہیں۔ ہم جشن آزادی کو ان سرفروشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے منائیں گے جو پاکستان کے لئے اب بھی اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ اہل کشمیر کے قابل فخر عوام کا لہو بھی آزادی کے اس چراغ کی روشنی بڑھارہا ہے۔ کشمیری شہداء کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی آزادی کے لئے ان کے ساتھ ہیں۔

امیر مقام نے کہاکہ آزادی کا دن ہر قوم اور ملک کے لئے ایک عظیم دن ہوتا ہے جسے قومی یک جہتی، اتحاد اور اپنے اسلاف اور شہداء کی یاد کے طورپر مل کر منایا جاتا ہے۔پوری قوم ایسے عناصر کو مسترد کرے جو یوم آزادی کے مہینے کو بھی اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لئے موقع کے طورپر استعمال کرنے کی نادانی کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ عمران خان احتجاج کے لئے کوئی اور مہینہ چُن لیں اور 15 اگست کو ہمارے ساتھ مل کر یوم سیاہ منائیں اور بھارتی بربریت کے خلاف میدان میں نکلیں تاکہ پوری دنیا کو معلوم ہوکہ کشمیر کے لئے پورا پاکستان ایک ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات