نابینا افراد توجہ مانگتے ہیں مگر بد بخت حکمران انہیں دھکے دیتے ہیں ‘خرم نواز گنڈا پور

ڈاکٹر طاہر القادری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر مفت کمپیوٹر کورس کروانے کا اہتمام کیا ‘طلباء

جمعرات 11 اگست 2016 19:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 30نابینا طلبہ و طالبات کو مفت تعلیمی و کمپیوٹر شارٹ کورسسز کی تکمیل کے بعد اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد اپنے بہتر مستقبل حکومت کی توجہ مانگتے ہیں مگر یہ بد بخت حکمران ان پر لاٹھیاں مارتے ہیں۔

30نابینا بچوں نے مفت کمیوٹر کورسسز کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کو خط لکھا جس کی تعمیل ہوئی ،الحمد اﷲ آج 30بچے کورس مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ،تقریب کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود تھے جبکہ تقریب سے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی، محمدثناء اﷲ ، فیاض وڑائچ ،ساجد بھٹی ، جواد حامد نے خطاب کیا اور کامیاب کورسسز پر نابینا افراد کو مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

میاں عمران مسعود نے کہاکہ میں ڈاکٹر طاہر القادری کی عالمگیر ویلفیئر کی جدوجہد کا ہمیشہ دل و جان سے معترف رہا ہوں ،مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے نابینا افراد کو اعلیٰ تعلیم کے راستے پر ڈالا،جب سوسائٹی کسی دکھی کے سر پر ہاتھ رکھتی ہے تو اس کام میں اﷲ کی مدد و نصرت بھی شامل ہو جاتی ہے ،انہوں نے کہاکہ نابینا افراد ہمارے قومی جسم کا حصہ اور ہمارا فخر ہیں ان کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں ۔

اس کارخیر کو جاری رہنا چاہیے،انہوں نے کورس کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لینے پر خرم نواز گنڈا پور کو بھی مبارکباد دی ۔ 30 نابینا نوجوان طلباء و طالبات نے مفت کمپیوٹر کورس کروانے پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ ادا کیا اور ان کی صحت ،تندرستی کیلئے دعائیں کیں ،انہوں نے کہاکہ جب ہم اپنے حق کیلئے حکمرانوں کے دروازے پر جاتے ہیں تو ہمیں دھکے دئیے جاتے ہیں ہمارے عزت نفس کو پامال کیا جاتا ہے ،انہوں نے کہاکہ حکمرانوں سے درخواست ہے کہ وہ سپیشل افراد کو بھی پاکستانی معاشرے کا حصہ سمجھیں ۔

طلباء و طالبات نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی حکام سے مفت کورس کی استدعا کی تھی جسے نہیں مانا گیا ،علم حاصل کرنے کی خواہش کو ڈاکٹر طاہر القادری نے عملی جامہ پہنایا۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کے 700سکولز ،درجنوں کالجز اور چارٹرڈ یونیورسٹی میں ایک لاکھ سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جہاں وہ سستی اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :