راولپنڈی میں 20اگست کوتاریخی دھرنا ہو گا،حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹا?ن ہضم نہیں کرنے دیں گے ،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب میں ضرب عضب ناگزیر ہے

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کا پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 11 اگست 2016 20:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اگرحکمران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ دولت اور طاقت کے زور پر سانحہ ماڈل ٹا?ن ہضم کر لیں گے تو ان کے بھول ہے ان کا واسطہ کسی روائتی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ انقلاب کیلئے اپنی زندگیاں وقف کر دینے والے لاکھوں انقلابی کارکنوں سے پڑا ہے۔

تحریک قصاص ہر صورت کامیابی سے ہمکنار ہو گی ،حکمران اپنے انجام کو پہنچیں گے اور آئیندہ کوئی طاقتور کسی کمزور پر ظلم ڈھانے کی جرات نہیں کرسکے گا۔ 20 اگست کو راولپنڈی میں تاریخی دھرنا ہو گا۔ وہ جمعرات کو ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں سینکڑوں کارکن شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد، سلطان نعیم کیانی ،سیف الرحمان خان ،سعید راجہ ،نذیر ہزاروی ،انار خان گوندل ،ملک کوثر اعوان ،علامہ محمود تبسم ،وسیم خٹک ،طاہر مصطفی ،ناہیدہ راجپوت اور میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے آپ کوبچانے کیلئے قوانین میں تبدیلیاں شروع کر دی ہیں اورا راکین پارلیمنٹ کیلئے خزانوں کے منہ کھول دیئے ہیں۔

وزیراعظم کی شہ پر چند ضمیر فروش اراکین پارلیمنٹ نے ایک بار پھر فوج کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیاہے۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب میں ضرب عضب ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے تختہ دار پر لٹکے دکھائی دیں گے۔