امیر جماعت اسلامی لاہور کا شوکت حسین کو بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے پھانسی دیئے جانے پر غم و غصہ کا اظہار

جمعرات 11 اگست 2016 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے رہنماء جماعت اسلامی اور سابق رکن پارلیمنٹ شوکت حسین کو بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے پھانسی دیئے جانے پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شوکت حسین پاکستان سے محبت کی پاداش میں حسینہ واجد کے انتقام کی بھینٹ چڑھ گئے۔بنگلہ دیش میں اسلام اور پاکستان سے محبت کرنیوالوں کو پھانسیاں دے کر ظلم کی ایک تاریخ رقم کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں اور دیتی رہے گی۔ہم نظریہ پاکستان کے شہید سابق رکن پارلیمنٹ شوکت حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شوکت حسین نے بنگلہ دیشی حکومت کے سامنے سرنہ جھکا کر جس جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل فخر ہے جماعت اسلامی کی لیڈر شپ نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے اور ظالم کے سامنے استقامت کی دیوار بنی ہے۔

جماعت اسلامی کی قربانیاں برصغیر میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کریں گی۔انھوں نے کہا کہ حسینہ واجد نے بھارتی سرکار کو خوش کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے رہنما?ں کے خلاف جس انتقام کی آگ کو ہوا دے رکھی ہے وہ خطے کے استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما?ں کے خلاف جھوٹے مقدمات اور انتقامی کاروائیوں پر پاکستان اور عالمی برادری کی خاموشی ایک مجرمانہ فعل ہے جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔