ملک شاہ محمد خان وزیر کا ڈسٹرکٹ ہسپتال بنوں کاہنگامی دورہ

جمعرات 11 اگست 2016 21:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ہسپتال بنوں کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں پر گزشتہ روز طوفان اور بارش کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔معاون خصوصی نے ہسپتال میں زیر علاج تمام زخمیوں سے انکی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر زخمیوں سے باتیں کرتے ہوئے معاون خصوصی نے انہیں تسلی دی کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انکے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ ملک شاہ محمد وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ حالیہ طوفان سے ہونے والے مالی نقصانات کے سروے کیلئے متعلقہ ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں بھیجیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اپنے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا کر مالی نقصانات کاازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریگی۔معاون خصوصی نے طوفان بادو باراں میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعا بھی کی ۔واضح رہے کہ گزشتہ روزضلع بنوں میں تیزآندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور32سے زائد زخمی ہو گئے تھے جبکہ 200کے قریب گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں تھیں۔