پاکستان نیوی نے سات ماہی گیروں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا

جمعرات 11 اگست 2016 21:11

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان نیوی نے کیٹی بند ر کے سمندری علاقے میں بروقت اور کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سات ماہی گیروں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا۔اس آپریشن میں پاک میرینز، تیز رفتار سپیڈ بوٹس اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر نے حصہ لیا۔تفصیلات کے مطابق مقامی ماہی گیروں نے کیٹی بندرمیں قائم پاکستان نیوی کے بیس کوخوبارکریک کے سمندری علاقے میں الکبیرہوورا بوٹ کے ڈوبنے کی اطلاع دی جس پر بارہ ماہی گیر سوار تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان نیوی نے فوراً سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغازکیا اورپاک میرینز کی دو ٹیموں کو تیز رفتار سپیڈ بوٹس کے ذریعے جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا۔جائے حادثہ کیٹی بندر سے تقریباً19.4سمندری میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

(جاری ہے)

اس مشکل اور کٹھن آپریشن میں سخت جدوجہد کے بعد خوبارکریک سے سات ماہی گیروں کو بچا لیا گیاجبکہ پانچ ماہی گیروں کی تلاش کے لئے پاکستان نیوی کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔

سرچ آپریشن کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے اور ماہی گیروں کی جلد تلاش کے لئے پاکستان نیول ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔پاکستانی سمندری سرحدوں کی محافظ پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کسی بھی سمندری ناگہانی آفت یا حادثے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ۔مزید برآں میری ٹائم شعبے سے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں سے ہر وقت رابطے کے لئے پاک بحریہ نے سال 2013میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوارڈی نیشن سنٹر قائم کیاہے۔

اس سنٹر کا بنیادی مقصدپاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی موثر انداز میں حفاظت اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کے لئے میری ٹائم شراکت داروں کی کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔ یہ سنٹر ان اداروں کے درمیان رابطے کا مرکز ہے۔

متعلقہ عنوان :