دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے سول و عسکری قیادت پُرعزم ہے،چودھری رفعت ایڈووکیٹ

دہشتگردکاروائیوں سے ترقی کے سفر کو روکنا ممکن نہیں،بیگناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،ڈپٹی میئر اسلام آباد

جمعرات 11 اگست 2016 21:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و ڈپٹی میئر فیڈرل کپیٹل اسلام آباد چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک دشمن عناصر کبھی بھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے،پوری پاکستانی قوم پورے جذبے کے ساتھ دہشتگردی کو کچلنے کیلئے متحرک ہے کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان قدرت کا ایک زندہ معجزہ ہے اورمخالف قوتیں متحد ہو کر بھی اس کا کچھ نہیں بگا ڑ سکتیں، آزادی کی خوشیوں کو خراب کرنے والے ملک دشمن ہیں اور یہ ملک لازوال قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے اس لئے اس کی حفاظت کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہاد یں گے۔اپنے بیان میں چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے مزید کہاکہ دہشت گرد کارروائیوں سے ترقی کے سفر کو روکناممکن نہیں ،معصوم اور بے گناہ افراد کا خون رائیگاں نہیں جائیگا،ملک دشمن قوتیں منہ کی کھائیں گی اور دھرتی پر امن قائم ہوگا،دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سول وعسکری قیادت پرعزم ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ اسلام اورپاکستان کے دشمن ہمارے وجود کو مٹانے کے درپے ہیں ،سانحہ کوئٹہ کے ذریعے قوم کو یک جان ہو کر دہشت گردی او ردیگر مسائل سے نمٹنے کا چیلنج دیا ہے، ہم اپنے اتحاد و یک جہتی کے ذریعے انتشار کی سیاست سے بچ کر اس چیلنج پر پورا اتر سکتے ہیں اورملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کو بھی پارٹی مفادات سے بالاتر ہو کر دہشت گردی کے معاملے پر ایک ہوناہوگا۔

متعلقہ عنوان :