آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی

جمعرات 11 اگست 2016 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ تقریبات کا آغاز 13اگست سے ہو گا اور14اگست کی رات تک جا ری رہے گا۔تقریب میں وزیر اعلی سندھ، وزراء ، اعلیٰ سرکاری اہل کاروں اور افسران سمیت معززین شہری اور اراکین آرٹس کونسل کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

تقریبات کے حوالے سے محمد احمد شاہ نے بتا یا کہ جشن آزادی کی باقاعدہ تقریبات کا آغاز 13اگست کی شب 12بجے پر چم کشائی اور کیک کٹنگ سے ہوگا جہاں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ سندھ کے وزراء ، سرکاری شخصیات ،آرٹس کونسل کے عہدیداران اور اراکین کے علاوہ معززین شہری بھی شامل ہو نگے۔اس موقع پر ملک کے نامور گلوکار قومی ترانہ گا ئیں گے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز 13اگست کی صبح سے ہی ہو جا ئے گا جس میں روشن پاکستان کے عنوان سے ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں مصوری کریں گے جن میں سے بہترین مصوروں کو نقد انعامات دیئے جا ئیں گے۔اس کے علاوہ شام میں ملک کے نامور گلوکار جن میں الطاف تافو،طارق تافو،غلام عباس، عذرا جہاں،شبنم مجید، جاوید نیازی، بابر نیازی، صائمہ جہاں،محمد علی، نعیم عباس روفی،شبانہ کوثر، آصف مہدی،علی آصف مہدی ، اشتیاق بشیر، مظہر امراؤ بندو خان ،کرم عباس اور دیگراپنے فن کامظاہرہ کرتے ہوئے قومی نغموں کے ذریعے ملک کو نذرانہ پیش کریں گے ۔

جبکہ رات 8بجے سے 10بجے تک ممبران آرٹس کونسل اور ان کی فیملی کے علاوہ صحافیوں کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ چودہ اگست کی تقریبات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کی یہ تقریبات 14اگست کی رات تک جاری رہے گی جس میں سب سے پہلے صبح 8بجے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پرسلامی پیش کی جائے گی اور شام6بجے آرٹس کونسل کراچی میں خصوصی پروگرام منعقدکیا جائے گا جس میں ملی نغموں، فوک ڈانس،تھیٹر،مصوری،اور فیس پینٹنگ کے علاوہ ممبران آرٹس کونسل اور صحا فیوں کے لیے مختلف انعامات بذریعہ قراندازی دیئے جائیں گے۔

انعامات میں 50ٹیلیویژن،5عمرے کے ٹکٹس،50واشنگ مشین،30مائیکروویو اون اور دیگر تحائف شامل ہیں۔محمد احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے جس کی آزادی کو آج 69سال مکمل ہو گئے ہیں ہماری طرف سے جشنِ آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں شہریوں کو شریک کرنے کے لیے رنگا رنگ تقریبات کا انتطام کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :