پاکستان کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے ایران نے اپنے حصے کا کام مکمل کرلیا ہے، ایرانی نائب وزیر کارجہ ڈاکٹر کاظم سجاد پوری

،اب یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرزمین پاکستان میں گیس پائپ لائن بچھائے ،منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے چین سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے،

جمعرات 11 اگست 2016 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) ابران کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر کاظم سجاد پوری نے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے ایران نے اپنے حصے کا کام مکمل کرلیا ہے،اب یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرزمین پاکستان میں گیس پائپ لائن بچھائے ،ہمارے پاس ایسی اطلاع ہے کہ منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے چین سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے،وہ جمعرات کو پاکستان انسٹیوٹ آف انٹر نیشنل آفئیرذ (پی آئی آئی اے)میں خطاب اورحاضرین کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے،اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے،تاہم مسئلے کو حل کرنے کے لئے پاکستان کو خود آگے آنا ہوگا،ایک سوال پر ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران اور ترکی کے درمیان معاہدہ آر سی ڈی کو روس کی شکست سرد جنگ اور سیٹو، سینٹو معاہدات سے نقصان ضرور پہنچا ہے ،تاہم یہ معاہدہ ابھی موجود ہے،انہوں نے کہا کہ ایران کے99 فیصد لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں،اس کے برعکس اگر76 فیصد پاکستانی ایران کے حامی ہیں تو ہمیں سوچنا پڑے گا کہ کہیں یہ ہماری سفارت کاری کی ناکامی تو نہیں کہ24 فیصد پاکستانی ہم سے الگ تھلگ ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بھی درست نہیں ہے کہ ایران میں پاکستان کو امریکی ایجنٹ سمجھتے ہیں،بلکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ پاکستانی ایک آزاد قوم ہیں جو اپنے فیصلے خود کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عالمی طور پر یہ بات حوصلہ افزاء طاقت کا توازن اب امریکہ اور یورپ سے تبدیل ہوکر ایشیاء میں منتقل ہورہا ہے،جس کی واضھ مثال چین کی ترقی کی صورتحال میں موجود ہے،انہوں نے کہا کہ یورپ سے برطانیہ کی علیحدگی کے بارے میں برطانوی عوام نے ریفرنڈم میں فیصلہ دیا ہے،اس سے بہت سے سوالات کھڑے ہوگئے ہیں اور یہ پیغام آیا ہے کہ انگلیڈ کے لوگ یورپ کے ساتھ رہنے میں خوش نہیں ہے ،یہ صورتحال عالمی دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کی بھی نشاندہی کرتی ہے،انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ایران فرقہ واریت کا کسی صورت نہیں ہے،بلکہ امت مسلمہ کو متحد اور منظم دیکھنا چاہتا ہے،ڈاکٹر کاظم سجاد پوری نے کہا کہ پاکستان ایران کے درمیان تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے عوام کو زیادہ خوشحال بناسکتا ہے،اس سلسلے میں دونوں جانب سے تاجروں کے لئے ایک دوسرے ممالک میں ویزا کا حصول آسان ہونا چاہئیے،انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک یا قوم کی ترقی کے لئے سیاسی ومعاشی استحقام ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قائم برادرانہ رشتے کو وقت گزرنے کے ساتھ مزید بڑھنا چاہئیے،انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران مسلم ملک ہونے کے ناطے مسلم دنیا میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔