کشمیرمیں عوامی انتفادہ کیلئے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانا بھارت کا اعتراف شکست ہے،انجینئر رشید

جمعہ 12 اگست 2016 11:47

سرینگر۔ 12 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ جموں وکشمیر میں جاری عوامی انتفادہ کیلئے پاکستان کو ذمہ دار قراردینا بھارت کا اعتراف شکست ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ایسا ہرگز ممکن نہیں کہ کشمیر کی سڑکوں پر آزادی ڈھونڈنے والا ہرشخص پاکستانی ایجنٹ ہو۔

انہوں نے بھارتی حکومت اور کشمیرمیں اسکے ماتحت اداروں کو ان کی وہ اپیلیں یاد دلائی جب وہ کشمیریوں کو مسلح جدوجہد ترک کر کے جمہوری اور سیاسی طریقوں سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وعظ و نصیحت کیا کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1990 کے بعد شاید ہی کوئی دن ایسا ہو گا جب کسی نہ کسی سطح پر ہندوستانی لیڈروں اور پالیسی ساز نے کشمیری مجاہدین سے لیکر عام کشمیریوں تک سے یہ اپیل نہ کی ہو کہ اگر وہ پر امن سیاسی طریقے اختیار کرکے اپنی بات آگے رکھیں گے تو ان کی بات ضرور سنی جائی گی تاہم انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ سیاسی طور سے اپنی بات سامنے رکھنے والے نہتے کشمیریوں کا جموں وکشمیرمیں قتل عام اور نسل کشی ُ طویل عرصے سے جاری ہے ۔

انجینئر رشید نے کہاکہ بھارتی حکومت کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ ماضی میں بھی کشمیریوں کی مسلح جدوجہد کا براہ راست ذمہ دار پاکستان کو قراردیتی آئی ہے اور آج بھی پوری ریاست میں جاری عوامی انتفادہ کی ذمہ دار ی پاکستان پر ڈال کر اپنی شکست کا اعتراف کر رہی ہے ۔ادھر کانگرس کے رہنماء منی شنکر اییر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم سے کہاہے کہ و ہ کشمیر کی صورتحال کا الزام پاکستان پر لگانا بند کریں اورمسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات شروع کریں۔

نریدر مودی کے اس بیان کہ وہ کشمیرکے بارے میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی پالیسی پر عمل کریں گے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے منی شنکر نے کہاکہ واجپائی نے اپنے دور اقتدار میں انسانیت ، جمہوریت اور کشمیریت کی راہ اختیار کی تھی ۔لہذا نریندر مودی کو بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ہمارامسئلہ ہے اس کی صورتحال کے بارے میں پاکستان پر الزام لگانے کا سلسلہ اب بند کیا جانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :