فلم”ہیپی بھاگ جائے گی“ ابھے سے پہلے فواد کو آفر ہوئی تھی

فلم میں پاکستانی اداکارہ مومل شیخ بھی کام کرتی نظر آئیں گی فلم19 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

جمعہ 12 اگست 2016 12:38

فلم”ہیپی بھاگ جائے گی“ ابھے سے پہلے فواد کو آفر ہوئی تھی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست۔2016ء) پاکستانی اداکار فواد خان اپنی بہترین اداکاری سے ہندوستان کے ہر ہدایت کار اور پروڈیوسر کی پہلی پسند بنتے جارہے ہیں جس کی ایک مثال کرن جوہر خود ہیں۔واضح رہے کہ فواد خان کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایک مختصر کردار کے لیے منتخب کیے گئے تھے تاہم ان کی بہترین اداکاری کے باعث کرن نے اپنی فلم میں ان کے کردار کو بڑھا کر کافی اہم بنادیا۔

اور اب رپورٹس ہیں کہ بولی وڈ فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں بھی فواد خان کو ایک اہم کردار کی آفر کی گئی تھی۔ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی پروڈیوسر کرشیکا کا کہنا تھا کہ کہ ان کی فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں ابھے دیول کے کردار کی آفر پہلے فواد خان کو کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم فواد خان اس فلم میں کام نہیں کرسکے، پروڈیوسر کے مطابق جب وہ اس فلم کے لیے اداکار منتخب کررہی تھیں تب ان کے ذہن میں فواد خان کا نام بھی آیا تھا، تاہم فواد خان اس دوران اپنی کسی اور فلم کو لے کر مصروف تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔

فواد کے بعد فلم میں ابھے دیول کو کاسٹ کیا گیا جنہیں فلم کا اسکرپٹ کافی پسند آیا تھا، پروڈیوسر کے مطابق ابھے دیول فلموں کو کافی سوچ سمجھ کر منتخب کرتے ہیں اور انہیں اس فلم کی کہانی نے کافی متاثر کیا۔واضح رہے کہ اس فلم میں پاکستانی اداکارہ مومل شیخ بھی کام کرتی نظر آئیں گی۔ایک انٹرویو میں مومل کا کہنا تھا کہ فلم میں ابھے دیول ایک پاکستانی شخص کا کردار کررہے ہیں اور انہوں نے ابھے کو اردو سکھانے میں کافی مدد کی۔فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں مومل اور ابھے کے ساتھ اداکارہ ڈیانہ پینٹی، علی فضل اور جمی شیرگل بھی کام کررہے ہیں جو رواں ماہ 19 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :