کوئٹہ دہشت گردی واقعہ کے پانچویں روز بھی وکلاءکا یوم سوگ ،،وکلاءفوری نوعیت کے مقدمات میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھے عدالتوں میں پیش ہوئے،واقعہ کے خلاف وکلاءنے جنرل ہاوس کا مذمتی اجلاس منعقد کر کے دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 12 اگست 2016 12:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اگست۔2016ء) کوئٹہ دہشت گردی واقعہ کے خلاف وکلا ءکا یوم سوگ پانچویں روز بھی جاری ہے۔واقعہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بارکے وکلاءنے جنرل ہاوس کا مذمتی اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ بار کے وفد نے کوئٹہ کے شہداءاور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے بعدلاہورواپسی پر بارکو کوئٹہ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رانا ضیاءعبدالرحمن نے کہا کہ کوئٹہ میں وکلاءکی نوجوان نسل کودہشت گردی کے ذریعے ختم کرنے کی سازش کی گئی جس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جیسی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔ دوسری جانب دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ ،سیشن ،سول اور خصوسی عدالتوں میں وکلاءاہم نوعیت کے مقدمات میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہو ئے اوردہشت گردی واقعہ کے پانچویں روز بھی سوگ منایا،اس موقع پر بار رومز کی چھتوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائے گئے۔

عمومی نوعیت کے مقدمات میں وکلاءکی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی جس کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔