آزادکشمیر میں سرکاری محکموں کو جدید نظام کی طرف لیکر آئیں گے‘سینئر وزیر آزادکشمیر

جمعہ 12 اگست 2016 13:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء)آزاد کشمیر کے سینئر وزیر و وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ روایتی نظام کو تبدیل کر کے سرکاری محکموں کو جدید نظام کی طرف لیکر آئیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔سرکاری ملازمین محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی صلاحیتیں خالصتاًعوام کی خدمت کے لیے استعمال کریں ۔

آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کا انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ریاست کے عوام خوشحالی ہوں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کی محکمانہ بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری خلیل نے انہیں محکمانہ بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی ۔

ملازمین کی کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر ترقیابی دی جائے گی کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی ۔ جو اچھا کام کرے گااسکی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نظام کو بری طرح تباہ کیا گیا جسکی وجہ سے میرٹ کی پامالی ہوئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نظام کی بہتری چاہتی ہے جس کے لیے بھر پور اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ہماری کارکردگی سے بہتری محسوس کریں گے ۔ جو کام بھی کریں گے اس میں عوام کے مفاد کو مقدم رکھا جائیگا ۔ آزاد کشمیر کے عوام کو بلاتخصیص روزگار کے مواقع فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت یہ ثابت کردے گی کہ عوام کی حقیقی ترجمان مسلم لیگ ہی ہے ۔