یمن میں حوثی اور صالح ملیشیائیں پسپا ہو چکی ہیں، عرب اتحاد

جمعہ 12 اگست 2016 13:24

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء)سعودی وزیر دفاع کے مشیر جنرل احمد عسیری نے زور دیا ہے کہ عرب فوجی اتحاد باغیوں کے مقابلے میں یمن کی آئینی حکومت کی سپورٹ جاری رکھے گا۔ باغیوں کی جانب سے پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی دعوت ان ملیشیاوٴں کی ناامیدی اور پریشانی کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

عربی اخبار سے گفتگوکرتے ہوئے عسیری کا کہنا تھا کہ یمن میں باغی ملیشیاوٴں کو زمینی طور پر بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا جہاں ملک کی 80 فی صد اراضی پر آئینی حکومت کا کنٹرول ہے جب کہ مارچ 2015 میں زمینی طور پر اس کا کہیں کنٹرول نہیں تھا۔

جنرل عسیری کے مطابق باغیوں کی جانب سے آئندہ ہفتے کے روز پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی دعوت ان کے دیوالیے پن کی دلیل ہے ، وہ یہ سب کچھ کر کے عالمی برادری کو اشارہ دینا چاہتے ہیں کہ وہ یمن میں سیاسی خلا پْر کرنے کے خواہش مند ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی اراضی کے اندر سرحدی کارروائیوں کے علاقوں میں میزائل اور راکٹوں کا گرنا، یہ درحقیقت باغی ملیشیاوٴں کی جانب سے ان کاری ضربوں کا ردعمل ہے جو یمنی فوج عرب اتحاد کی معاونت سے ان پر لگا رہی ہے۔