انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سکواڈ میں عمر گل کو اسلئے شامل کیا تاکہ ٹیم کو تجربہ دیا جاسکے، انضمام الحق

جمعہ 12 اگست 2016 16:12

انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سکواڈ میں عمر گل کو اسلئے شامل کیا تاکہ ٹیم کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء)پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے عمر گل کو ٹیم میں اسلئے شامل کیا کہ قومی ٹیم کو تجربہ فراہم کیا جاسکے۔ جنید خان بہت باصلاحیت باؤلر ہیں مگر وہ ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت کے بغیر کسی بھی کھلاڑی کے انتخاب کی گارنٹی نہیں دے سکتے،جنید خان دل چھوٹا کئے بغیر محنت جاری رکھیں ۔

اپنے ایک انٹرویو میں انضمام الحق نے کہا کہ مستقبل کی ٹیم تیار کرنے کیلئے حسن علی جیسے نوجوان کھلاڑی کو بھی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا ہے ،حس علی نے پاکستان اے کی جانب سے انگلینڈ کے دورے میں 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتھا ۔ انہوں نے عمر گل کے حیران کن انتخاب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم میں درکار تجربے کی فراہمی چاہتے ہیں کیونکہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ قومی فاسٹ بالنگ اٹیک کو تجربہ کار بالرز کی بھی ضرورت ہے اور چونکہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں لہذا عمر گل پر بھروسہ کیا گیا ہے جن کو مکمل فٹ بھی قرار دے دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جنید خان بہت باصلاحیت باؤلر ہیں مگر وہ ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت کے بغیر کسی بھی کھلاڑی کے انتخاب کی گارنٹی نہیں دے سکتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جنید خان کے پاس پہلے سے ہی کچھ کانٹی آفرز ہیں تو پھر انہیں اس وجہ سے قابل غور نہیں سمجھا جا سکتا کہ ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے ٹیم کی تشکیل متاثر ہو سکتی ہے اور دوسرے کھلاڑی نظر انداز ہو جائیں گے جو اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں لہذا جنید خان دل چھوٹا کئے بغیر محنت جاری رکھیں کیونکہ کسی بھی کھلاڑی کے انتخاب کا یہی پیمانہ بھی ہے اور عمر گل اس کی بہترین مثال ہیں جو ایک سال بعد واپس آگئے ہیں۔