قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہوگی؟،وزیراعظم

جمعہ 12 اگست 2016 16:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے،قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہوگی؟،قوم سے کئے وعدے پورے کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے،اپنی حکومت میں لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔

وہ جمعہ کو یہاں نیلم جہلم منصوبے کا جائزہ لینے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعظم کو متعلقہ حکام نے منصوبے میں پیشرفت پر بریفنگ دی ۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، پرویز رشید، برجیس طاہر اور معاون خصوصی آصف کرمانی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو منصوبے پرابتدا سے لیکر ابتک کی پیشرفت پر بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر 85.3فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔منصوبے کے لئے سرنگوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔سرنگوں کی سٹیل لائننگ کا کام بھی نصف سے زیادہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈیم کے سپل وے اور سٹرکچر کا کام سو فیصد مکمل ہے۔چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ حادثاتی مشکلا ت کی وجہ سے منصوبے میں کچھ تاخیر ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے میں مشکلا ت کا ادراک کرتے ہوئے کام کرنا چاہیئے تھا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے۔قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہوگی؟۔قوم سے کئے وعدے پورے کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔اپنی حکومت میں لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دی جائے۔وزیر اعظم میاں نوازشریف نے حکم دیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔اس موقع پر سی ای او پروجیکٹ نے بتایا کہ منصوبے پر 78فیصد مقامی افراد کو روزگار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :